کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر روانہہ، جوار ، باجرے کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 9 جولائی 2015 13:36

فیصل آباد ۔9 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء) روانہہ ، جوار ، باجرہ موسم گرماکے اہم چارہ جات ہونے سمیت پانی کی کمی بہتر طور پر برداشت کرسکتے ہیں لہٰذا فصلات کو اناج اور چارے کے طور پر استعمال کرنے کیلئے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر روانہہ، جوار ، باجرے کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے بتایا کہ باجرہ ، جوار اورروانہہ موسم گرما کے اہم چارہ جات ہیں جو پانی کی کمی کو دوسرے چارہ جات کی نسبت بہتر طور پر برداشت کر سکتے ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ فصلات اناج اور چارے دونوں کیلئے کاشت کی جاتی ہیں جبکہ ان میں خشک سالی برداشت کرنے کی صلاحیت دوسری فصلوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جس کی وجہ سے یہ سبز چارے اور دانے کی پیداوار اور کم بارش والے علاقو ں میں دیگر خوردنی اجناس سے زیادہ ہو تے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ جوارکا غلہ مرغیوں کیلئے بہترین خوراک ہے جبکہ لوبیا کا چارہ لذیز ہونے کے ساتھ ساتھ زود ہضم بھی ہوتا ہے اور دودھ دینے والے جانوروں با لخصوص بھینس کیلئے بے حد مفید ہے۔

انہوں نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء کو بتایاکہ اسکا دانہ بھی بے حد مقوی اور لذیز ہوتاہے اور پاکستان سمیت بہت سے ممالک میں لوگ اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں کیونکہ یہ پروٹین سے بھر پور ہوتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس فصل کی بڑھوتری میں مون سون کی بارشوں کا بڑا عمل دخل ہے جبکہ روانہہ کی چارے کیلئے کاشت کی ہوئی فصل 60 سے70 دن میں تیار ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار باجرہ اور جوار کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی ہلکی میرا زمین کا انتخاب کریں۔انہوں نے بتایاکہ باجرہ کی چارہ کی فصل عموماً دو ماہ میں تیار ہوتی ہے اس لئے کاشتکار غلہ والی فصل اس وقت کاٹیں جب دانہ سخت ہو چکا ہو۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار جوار کی چارہ کیلئے استعمال ہونے والی فصل کو پھول نکلنے پر کاٹ لیں جبکہ غلے والی فصل کو اس وقت کاٹیں جب دانہ سخت ہو جائے اور اسمیں زیادہ سے زیادہ نمی 20 فیصد تک ہو۔

انہوں نے کہاکہ باجرہ اور جوار کے سٹوں کو کاٹ کر دھوپ میں پھیلا دیں اور دھوپ میں رکھے ہوئے سٹوں کو روزانہ الٹتے پلٹتے رہیں تاکہ سٹے جلد خشک ہو جائیں نیز خشک ہونے پر انہیں کوٹ کر دانے الگ کر لیں اور کیڑوں سے پاک ہوادار گوداموں میں ذخیرہ کر لیں۔انہوں نے کہاکہ روانہہ کی بیج کیلئے کاشت کی گئی فصل کی کٹائی بیک وقت ممکن نہیں کیونکہ پھلیاں بیک وقت پک کر تیارنہیں ہوتیں اس لئے جب 50 فیصد پھلیاں پک جائیں تو پودوں کو جڑ سے اکھاڑلیں اور اچھی طرح خشک کر کے گہائی کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی کے آخر تک کاشت کردہ لوبیا کی فصل جون سے لے کر نومبر تک چارہ فراہم کرتی ہے۔