باجرے کی کاشت ایک ایک فٹ کے فاصلے پر قطاروں میں بذریعہ ڈرل کرنے کی ہدایت

پیر 13 جولائی 2015 13:18

فیصل آباد ۔13 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء) ماہرین زراعت نے باجرے کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے آبپاشی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نہری علاقوں میں پہلا پانی کاشت کے تین ہفتے بعد لگانا ضروری ہے جبکہ کم اگاؤ کی صورت میں پانی پہلے لگانا بھی مفید ہوتاہے تاہم بعد ازاں حسب ضرورت لگاتے رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ باجرے کی فصل چونکہ سیم زدہ حالات برداشت نہیں کرسکتی اس لئے برسات کے دنوں میں خصوصی طورپر زیادہ پانی کا کھڑے رہنا نقصان دہ ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کیلئے باجرے کی فصل جولائی میں کاشت کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ چارے کی اگیتی فصل میں اگر رواں ملا کر کاشت کی جائے توچارے کی غذائیت اور پیداوار بڑھ جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار عام طور پر باجرے کو چھٹے کے ذریعے ہی کاشت کرتے ہیں لیکن اگر ایک ایک فٹ کے فاصلے پر قطاروں میں بذریعہ ڈرل بوائی کی جائے اور بیج زیادہ گہرائی میں نہ بویاجائے تو چارے اور بیج کی شاندار پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ۔