کپاس کے کاشتکار مون سون کی بارشوں کے باعث فوری طور پر واٹر سکاؤٹنگ کاعمل مکمل کر یں، ماہرین زراعت

جمعرات 23 جولائی 2015 14:04

فیصل آباد ۔23 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کپاس کے کاشتکار مون سون کی بارشوں کے باعث فوری طور پر واٹر سکاؤٹنگ کاعمل مکمل کر لیں اورجڑی بوٹیوں کی تلفی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ حالیہ مون سون کی بارشوں کے باعث جن کھیتوں میں زیادہ پانی کھڑاہوگیاہے اس کے نکاس کیلئے فوری انتظام کیاجائے اور اگر کسی وجہ سے کھیت سے پانی نکالنا ممکن نہیں تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود پانی اس میں جمع کردیا جائے تاکہ کپاس کی فصل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ بارش کے باعث کپاس کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی افزائش میں تیزی آجاتی ہے لہٰذا کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کی جانب بھی توجہ دیں ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اس وقت کپاس کے کھیتوں پر ملی بگ کا حملہ بڑھ رہا ہے جو فی الحال ٹکڑیوں میں ہے لہٰذا اس پر کڑی نظر رکھی جائے اور ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے اس کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جائیں۔