`حطار،خوفناک سیلابی ریلے میں دو افراد ڈوب کر جاں بحق

ڈوبنے والے ایک شخص کی نعش کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ڈھونڈی نہ جاسکی`

جمعرات 23 جولائی 2015 22:56

حطار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء)خانپور کے پہاڑی علاقہ دارتیاں کے نزدیک پانی کے خوفناک سیلابی ریلے میں دو افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، ڈوبنے والے ایک شخص کی نعش کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ڈھونڈی نہ جاسکی،نعش سیلابی پانی میں بہہ کر خانپور ڈیم کی نذر ہونے کی اطلاع، تربیلا ڈیم سے پاکستان نیوی کے غوطہ خوروں کی خدمات حاصل کرلی گئیں اندھیرے باعث امدادی کاروائی میں دشواری، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز طوفانی بارش کے بعدخانپور کے نواحی پہاڑی علاقہ دارتیاں سے گزرنے والی ندی ہرو میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی جس کے باعث ندی سے گزرنے والے دو افراد جن میں سلیم ولد آزاد سکنہ ترمکن اور سرور ولد مصری سکنہ چھجیاں شامل ہیں پانی میں سیلابے ریلے میں بہہ گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد جائے حادثہ پر جمع ہوگئی تاہم مقامی لوگوں نے کچھ ہی دیر بعد سرور ولد آزاد کی نعش پانی سے نکال لی جبکہ سلیم کی نعش کئی گھنٹے کی امدادی کاروائی کے بعد بھی تلاش نہ کی جاسکی، آخری موصولہ اطلاعات تک لوگوں کی ایک بڑی تعداد بدقسمت کی نعش تلاش کرتے کرتے خانپور ڈیم تک پہنچ چکی تھی لوگوں نے اس خدشہ کااظہار کیا ہے کہ سلیم کی نعش پانی کے بڑے سیلابی ریلے میں بہہ کر خانپور ڈیم تک پہنچ چکی ہوگی، امدادی کاروائی میں خانپور پولیس بھی حصہ لے رہی ہے جبکہ نعش کی تلاش کے لئے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرپاکستان نیوی کے غوطہ خوروں سے مدد بھی طلب کرلی گئی جبکہ عوام کو اندھیرے کی وجہ سے امدادی کاروائیوں میں شدید دشواریوں کا سامنا بھی کرنا پڑر ہا تھا۔

`