ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام متعلقہ ادارے چوکس رہے ، راجہ اشفاق سرور

پیر 27 جولائی 2015 16:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ ڈینگی کے تدارک کے لیے تمام متعلقہ ادارے چوکس رہے کیونکہ حالیہ بارشوں کے دوران ڈینگی پھیلنے کے خطرات بڑھ رہے ہیں لہذا بارشوں کے پانی کی نکاسی کے لیے بروقت اقدامات اٹھائیں جائے تاکہ ڈینگی مچھر پرورش نہ پاسکے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس کی طرح اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ لوگوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جاسکے۔

یہ بات انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈینگی کے حوالے سے ہفتہ وار منعقد ہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی زاہد سعید ، اے ڈی سی طارق محمود ، ایم این اے اسفندیا ر بھنڈا ، ایم پی ایز ملک افتخار احمد ، راحت قدوی ،لبنی ریحان ،تحسین فواد ،مسلم لیگی رہنما سردارنسیم علی خان ، ڈاکٹر جمال ناصر،ضیااللہ شاہ ،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ناصر محمود ، ڈی ایچ او ڈاکٹرمحمد رفیق ، ڈائریکٹر کالجز ہمایوں اقبال ، ای ڈی او زراعت شاہد سجاد ، ای ڈی او ایجوکیشن قاضی ظہور الحق، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اسلم میتلا ، ٹیچنگ ہاسپیٹلز کی ایم ایس صاحبان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گئے جس سے ڈینگی کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا اس طرح اپنی محنت جاری رکھیں تاکہ ڈینگی پر مکمل قابو پایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح ڈینگی کے خلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری اپنا فعال کردارادا کریں تاکہ ڈینگی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہوسکے ۔

انہوں نے ڈائر یکٹر سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ تما م رجسٹرڈ این جی اوز کی بھی ڈینگی مہم می شامل کیا جائے جس سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے ڈینگی سے بچاجاسکتاہے اور انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے گھروں اور اردگرد میں صاف پانی کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی کی افزائش نسل پروان نہ چڑھ سکے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی کی مہم کے دوران غفلت اور لاپروہی برتنے پر اہلکاروں کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :