وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال اور تیاری پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم دیدیا
پابندی دو ماہ بعد نافذالعمل ہو گی، اس دوران کارخانوں اور مارکیٹ میں موجود پلاسٹک کے لفافوں کا سٹاک ختم کیا جائے گا پشاور سمیت صوبہ بھر میں غیر معیاری اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے اور غیر معیاری اشیاء کی چیکنگ کیلئے ضلعی انتظامیہ، منتخب کونسلروں اور مقامی عمائدین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت
پیر 3 اگست 2015 21:29
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال اور تیاری پر مکمل پابندی کا حکم دیا ہے جو دو ماہ بعد نافذالعمل ہو گی اور اس دوران کارخانوں اور مارکیٹ میں موجود پلاسٹک کے لفافوں کا سٹاک ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے پشاور سمیت صوبہ بھر میں غیر معیاری اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کیلئے بھر پور آپریشن شروع کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے غیر معیاری اشیاء کی چیکنگ کیلئے ضلعی انتظامیہ، منتخب کونسلروں اور مقامی عمائدین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے پشاور میں تجاوزات سے پاک کی گئی اراضی سے بجلی کے کھمبے، ٹرانسفارمر اور دیگر تنصیبات 20اگست تک ہٹانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے واپڈا سے کہا ہے کہ وہ پشاور میں پینے کے پانی کے 34نئے ٹیوب ویلوں کی بجلی کی سکیمیں بھی جلد مکمل کرے جن کیلئے صوبائی حکومت نے کافی عرصہ سے ادائیگی کر رکھی ہے۔(جاری ہے)
انہوں نے پشاور کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ہفتہ وار شیڈول مرتب کرکے لوڈشیڈنگ یا کسی بھی دوسری وجہ سے بجلی کی بندش کی پیشگی اطلاع ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرنے اور ایمرجنسی میں بجلی کے ٹرانسفارمر فوری طور پر مہیا کرنے کے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
یہ احکامات انہوں نے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں گل باچہ خان کی قیادت میں پشاور کے حلقہ پی کے تین کے 25رکنی نمائندہ وفد کی ملاقات کے دوران جاری کئے۔ ملاقات میں ایم پی اے یاسین خلیل، رکن ضلع کونسل یونس ظہیر، سیکرٹری آبپاشی و ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو، ڈپٹی کمشنر پشاور، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن، ایس ای واپڈا، سی سی پی او پشاور اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ وفد کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کے جواب میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور میں بجلی کے خراب ٹرانسفارمروں کی مرمت و تبدیلی، پینے کے پانی کی سکیموں کو بجلی کی فراہمی، امیر جنسی کیلئے ٹرانسفارمروں کی دستیابی، بجلی کی چوری روکنے کے اقدامات اور دیگر مسائل کے حل کیلئے پیسکو حکام کا اجلاس طلب کر لیا اور واپڈا پر زور دیا کہ وہ بجلی کی تمام سکیموں پر پیش رفت اور ٹرانسفارمروں کی صورتحال معلوم کرنے کیلئے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کرے۔ انہوں نے خراب ٹرانسفارمروں کی جلد بحالی کیلئے یہ ٹرانسفارمر صوبائی حکومت کے خرچ پر مرمت کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح خیبر پختونخوا حکومت کی کوششوں سے صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم کرائی گئی اسی طرح واپڈا کے ساتھ مل کر بجلی سے متعلق دیگر مسائل بھی حل کئے جا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پی کے تین میں پینے کے پانی، صفائی اور نکاسی آب کیلئے ڈبلیو ایس ایس پی کو مکمل طور پر فعال اور مستعد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبہ بھر میں دیہات اور گلی محلوں کی سطح پر صفائی ستھرائی نو منتخب نیبر ہوڈ کونسلوں کی ترجیحات میں شامل ہو گی۔ جو تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مل کر یہ کام انجام دیں گی۔پرویز خٹک نے کہا کہ وہ پی کے تین سمیت پشاور کے تمام حلقوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور سرکاری اراضی پر قبضہ کی کسی بھی کوشش کو نظر انداز یا معاف ہر گز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر باغ اور خوشحال بازار میں سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کیلئے فوری اور سخت اقدامات کا حکم دیتے ہوئے بتایا کہ رنگ روڈ کے دونوں جانب سروس روڈ تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے وفد کے مطالبے پر جم خانہ کرکٹ گراؤنڈ کو ٹھیکے پر دینے کے بجائے میونسپل ایڈمنسٹریشن اور کرکٹ ایسوسی ایشن کے ذریعے چلانے اور اس میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ تھانوں میں زیادہ سے زیادہ جوان افسروں اور اہلکاروں کو تعینات کرے جنہوں نے صوبائی حکومت کی پولیس اصلاحات کو کامیاب کرکے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت پشاور میں پینے کے صاف پانی کی سو فیصد فراہمی ہر صورت میں یقینی بنائے گی تا ہم صارفین کو بھی پانی کے بلوں کی ادائیگی یقینی بنانا ہو گی جس کیلئے بلوں کا نظام کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پشاور کے شہریوں کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کیا کہ صوبائی حکومت ایسے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جن کی تکمیل سے پشاور کا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہے گا جبکہ بیشتر مسائل پہلے ہی حل کر لئے گئے ہیں۔مزید اہم خبریں
-
ایلون مسک بھارت کے بجائے چین کیوں گئے؟ بھارتی شہری ناراض
-
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیرافضل مروت کا نام فائنل
-
لاہور میں فوڈ رائیڈر جلد ڈیلیوری کے چکر میں 28 ای چالان کروا بیٹھا
-
کسانوں نے گندم کی خریداری میں تاخیر پر احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیا
-
ججز خط کیس؛ عدلیہ میں مبینہ مداخلت پر حکومت اور ایجنسیوں سے تفصیلی جواب طلب
-
امریکہ نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے مشروط کردیا
-
وزیراعظم شہبازشریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ
-
ہمیں ایک ہائی سکیورٹی رسک ملک و قوم کا منفی تاثر زائل کرنا ہوگا، احسن اقبال
-
پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض ‘الیکشن کمیشن نے اعتراضات پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی
-
ویوو Y100 کی برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر دُرفشاں سلیم کو متعارف کردیا گیا
-
امریکہ: فائرنگ میں تین پولیس افسران ہلاک، پانچ زخمی
-
غزہ: فائر بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.