کالی زیری کی کاشت وسط اگست سے شروع کر کے ستمبر کے پہلے ہفتہ تک مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 4 اگست 2015 14:46

فیصل آباد ۔4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اگست۔2015ء)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو کالی زیری کی کاشت رواں ماہ وسط اگست سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کالی زیری طبی خواص رکھنے والا ایک انتہائی اہم ادویاتی پودا ہے جس کے پتے اور جڑیں مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتے ہیں جبکہ کالی زیری کا بیج پیٹ کی مختلف بیماریوں کے علاج میں بھی استعمال ہوتا ہے لہٰذا اس کی کاشت وسط اگست کے دوران شروع کر کے ستمبر کے پہلے ہفتہ تک مکمل کرتے ہوئے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ کالی زیری کی کاشت کیلئے زمین کو 5 سے 6مرتبہ ہل و سہاگہ چلا کر اچھی طرح تیار کر لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ زمین کی زرخیزی کیلئے 10سے12گڈے گوبر کی گلی سڑی کھاد زمین میں اچھی طرح ملا دینی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کالی زیری کی کاشت کیلئے شرح بیج اڑھائی سے تین کلو گرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کھیت میں ڈیڑھ سے دو فٹ کے فاصلے پر کھیلیا ں بنا کر ان کے سروں پر 9انچ کے فاصلے سے بیج کی چٹکیاں لگائیں اور بروقت آبپاشی کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں ۔