گاجر کی اچھی پیداوار کیلئے گہری زرخیز میرازمین کے انتخاب کی ہدایت

منگل 4 اگست 2015 14:46

فیصل آباد ۔4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اگست۔2015ء)محکمہ زراعت نے شیڈول کے مطابق کاشت کے ذریعے گاجر کی اچھی پیداوار کیلئے گہری ذرخیز میرازمین کے انتخاب کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار گاجر کی اگیتی کاشت اور اچھی پیداوار کیلئے ایسی گہری زرخیز میرازمین کا انتخاب کریں جس میں پانی کے نکاس کا مناسب انتظام ہو ۔

(جاری ہے)

محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ گاجر کی کاشت کیلئے زمین کو تین سے چارمرتبہ ہل چلانے کے بعد سہاگہ دیتے ہوئے اچھی طرح تیار کرلینا چاہیے اور اس میں 10 سے 15 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ بھی ملا دینی چاہیے تاکہ اس کی زرخیزی میں اضافہ ہو سکے ۔

انہوں نے کہاکہ زمین کو 2 دفعہ راؤنی دے کر مناسب وتر حالت میں رکھنا چاہیے اور زمین کی تیاری کے وقت 2 بوری ڈ ی اے پی اور ایک بوری پوٹاش بھی فی ایکڑ ڈال کر آبپاشی کردینی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ گاجر کی کاشت کیلئے جڑی بوٹیوں سے پاک 6 سے8 کلوگرام فی ایکڑ بیج کا استعمال شاندار فصل کا ضامن ہو سکتاہے۔انہوں نے مزید کہاکہ کاشت کے بعد شروع کے ایام میں ہفتہ میں 2دفعہ آبپاشی ضروری ہے تاہم بعد میں اس وقفہ کو بڑھایا جاسکتاہے۔