کوہاٹ ، گھرمیں آتشزدگی سے لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر، بجلی کا کرنٹ لگنے سے میونسپل کمیٹی کا اہلکار زخمی

ہفتہ 15 اگست 2015 23:06

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء ) کوہاٹ شہرکے علاقہ محلہ پراچگان میں گھرکے اندر آتشزدگی سے لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیاجبکہ بجلی کا کرنٹ لگنے سے میونسپل کمیٹی کا اہلکار زخمی ہوگیا۔واقعات کے مطابق گزشتہ شب کوہاٹ شہرکے علاقہ محلہ پراچگان میں واقع قاضی طیب الدین کے گھر کے اندر بجلی کی شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھرک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

آگ لگنے کی اطلاع ریسکیو 15پولیس کو دی گئی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کرآگ پر قابو پالیا تاہم گنجان آباد اور تنگ گلیوں کی وجہ سے آگ بجھانے والے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑااور گھر کے اندر پڑا لاکھوں مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیااور آتشزدگی کے باعث مکان کی کھڑکیاں و دروازے جل کر راکھ بن گئیں۔

(جاری ہے)

اس دوران آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے میونسپل کمیٹی کا لائن مین سیف اﷲ علاقے کی برقی لائن منقطع کر تے ہوئے اچانک بجلی کا کرنٹ لگنے سے مکان کے تیسرے منزل سے نیچے آگرا جسکی وجہ سے اسکے بدن پر کئی چوٹیں آئیں اور وہ بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیاجہاں مجروح کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق مقامی پولیس اور علاقے کے مکینوں نے بھی آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کے عملے کی بھر پور مدد کی اور گھر کے تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات بجلی کی شارٹ سرکٹ ہے تاہم پولیس نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ درج کرکے آتشزدگی کے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :