وحدت روڈ سائنس کالج میں مذہبی طلباء تنظیم کے کارکنوں اور طلباء میں تصادم ، ایک طالبعلم کا بازو ٹوٹ گیا

بدھ 19 اگست 2015 16:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء)وحدت روڈ سائنس کالج میں مذہبی طلباء تنظیم کے کارکنوں اور طلباء میں تصادم ، مذہبی تنظیم کے کارکنوں نے مبینہ تشدد کر کے طالبعلم کا بازو توڑ ڈالا، دو درجن کے قریب طلباء زخمی ،پولیس نے ہاسٹل پر چھاپہ مار کر مذہبی تنظیم کے 50کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز وحدت روڈ سائنس کالج میں مذہبی طلباء تنظیم کے کارکنوں اور طلباء میں جھگڑا ہو گیا ۔

مذہبی طلباء تنظیم کے کارکنوں نے مبینہ طور پر تشدد کر کے کمیونیکشن سٹڈیز کے طالبعلم تابش کا بازو توڑ دیا جبکہ تصادم کے نتیجے میں دو رجن کے قریب طلباء زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے کالج کے ہاسٹل پر چھاپہ مار کر مذہبی طلباء تنظیم کے 50کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ کالج میں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد اقبال کا کہنا ہے کہ کالج انتظامیہ غنڈہ عناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر تی جس کے باعث آئے روز اسلامی جمعیت طلباء کے کارکن طلباء کو تشدد کانشانہ بھی بناتے ہیں ۔ کالج انتظامیہ کو ایسے غنڈہ عناصر کو کالج سے نکال باہر کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ زخمی طلباء سے پکڑے گئے جمعیت کے کارکنوں کی شناخت کروائیں گے جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔