دو دہائیوں میں مہاجر قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے،آفاق احمد

آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے تعلیم کے شعبہ میں کام کرنا چاہتے ہیں، قوم کی بقاء و سلامتی کی جدوجہد کر اچی کی تمام گلی ،محلوں بلکہ سندھ بھر میں پھیلائینگے

بدھ 19 اگست 2015 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے ستمبر میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے اور نشتر پارک میں جلسہ عام کے ا علان کے بعد شہر بھر سے مہاجر بزرگوں اور نوجوانوں کا چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر آمد اور تنظیمی ذمہ داران سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ۔اسی سلسلے میں بدھ کو ناظم آباد کے مہاجر بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے چیئرمین آفاق احمد سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ دو دہائیوں میں مہاجر قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے جس کا ازالہ کرنے کیلئے طویل عرصہ درکار ہوگا۔آفاق احمد نے کہا مہاجر قومی موومنٹ سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے اور نفرت و تشدد کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے تعلیم کے شعبہ میں کام کرنا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا مستقبل میں مہاجر قوم کی باگ دوڑ جن ہاتھوں کو سنبھالنا ہے انکی صلاحیتوں پر مجھے شک نہیں ،ان ہی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور کاوشوں سے اس جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔آفاق احمد نے کہا مجھے اپنی قوم کے نوجوانوں پر بھروسہ ہے ،وہ اب کسی کے بہکاوے میں آکر اپنا مستقبل تاریک کرنے کی بجائے اپنی صلاحیتیں آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے وقف کریں گے کیونکہ وہ اب نفرت اور تشدد کی سیاست مسترد کرچکے ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ قوم کی بقاء و سلامتی کی جدوجہد مخصوص علاقوں تک محدود نہیں رکھ سکتے ، یہ جدوجہد کراچی کی تمام گلی محلوں بلکہ سندھ بھر میں پھیلائینگے۔

متعلقہ عنوان :