ڈی سی او راولپنڈی کی ستمبر میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت

جمعرات 20 اگست 2015 22:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء)ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال نے ستمبر کے مہینے میں منعقد کیے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز اپنے دفتر میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے مجوزہ ٹی-20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کی، سی پی او راولپنڈی اسرار احمد، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انتخاب عالم’ پی سی بی کے ڈائریکٹر سیکورٹی کرنل (ر) اعظم خان، جنرل منیجر (ایچ آر سی) کرنل (ر) اشفاق، منیجر پی سی بی نثار خان ’ اے ڈی سی جی عارف رحیم ، ڈی ڈی او واسا ثاقب الہی ، ڈی او سپورٹس منظر شاہ اور انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میں مجوزہ ٹی -20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران سیکورٹی اور دیگر لاجسٹکس انتظامات سمیت ابتدائی طور پر مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹی -20 دو مراحل میں منعقد ہو گا، پہلے مرحلے پر ریجنل ٹیموں کے مابین کوالیفائنگ میچ ہونگے جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹورنمنٹ کے میچ کھیلے جائیں گے،جس پر ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو ابتدائی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ابتدائی ہوم ورک کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ مجوزہ ٹی20 کرکٹ ٹورنمنٹ کے لئے تمام محکمے اپنی تیاری اور انتظامات مکمل رکھیں ، مذکورہ ٹورنمنٹ کے موقع پر کرکٹ شائقین کو ممکنہ طور پر سہولتوں کی فراہمی کو خاص طور پر پیش نظر رکھا جائے۔