ڈینگی مچھرکی افزائش کو روکنے کیلئے مشترکہ پراڈکٹ متعارف کروانے کا فیصلہ

منگل 25 اگست 2015 16:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے ماہرین ملٹی نیشنل کمپنی سومیٹوموکے اشتراک سے کھڑے پانی میں ڈینگی مچھرکی افزائش کو روکنے کیلئے مشترکہ پراڈکٹ متعارف کروائیں گے۔آن لائن کے مطابق ماہرین نے ایسے مرکب کی کامیاب فیلڈ ٹیسٹنگ مکمل کر لی ہے جسے سوئمنگ پول‘ واٹر ٹینک‘ ایئرکولرز اور کھلی جگہ پر کھڑے پانی میں ملانے سے تین مہینوں تک ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے گا۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں سے ان کے چیمبر میں ڈاکٹر کرینو کی قیادت میں ملائشیاء‘ جاپان اور سنگاپور کے ماہرین وفد نے بتایا کہ سومیٹومواور یونیورسٹی ماہرین نے ریسرچ و ڈویلپمنٹ میں مشترکہ اہداف کا تعین کرتے ہوئے عملی پیش رفت کا آغاز کر دیا ہے جس کے بعد جلدہی مشترکہ پراڈکٹ مارکیٹ میں متعارف کروادی جائے گی۔

(جاری ہے)

مہمان وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب میا ں شہباز شریف اور زرعی یونیورسٹی کے ماہرین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس آہنی جذبے کے ساتھ پنجاب میں ڈینگی لاروے کی افزائش کو روکنے کیلئے کام کیا گیاہے وہ لائق تحسین ہے۔ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ چند برس پہلے ڈینگی کے پہلے مریض کی تشخیص کے بعد یونیورسٹی ماہرین نے پورے صوبے میں ریسرچ و ڈویلپمنٹ سرگرمیوں کا آغاز کر دیا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں قیمتی جانوں کو بچانا ممکن ہوا۔

ملائشیاء کے ڈاکٹر سریت مونے ‘ جاپان کے کن ناکانوشی ‘سنگاپور کے ڈاکٹر کرونی اور اونگ کے ہمراہ شعبہ حشریات کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر محمد جلال عارف ‘ڈاکٹر وسیم اکرم‘ ڈاکٹر منصور الحسن ساہی‘ ڈاکٹر محمد ارشد‘ ڈاکٹر خرم ضیاء‘ ڈاکٹر شاہد مجید بھی ملاقات میں موجود تھے۔شعبہ حشریات کے چیئرمین ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ انہوں نے سومیٹوموکوپراڈکٹ ٹیسٹنگ کیلئے اپنی لیبارٹریوں کے دروازے کھول دیئے ہیں جس تحقیقی اُمور میں مزید پیش رفت دیکھی جا سکے گی۔

متعلقہ عنوان :