تیل کی قیمتوں میں کمی قوم سے مذاق ، ڈیزل پر 45 فیصد ٹیکس کا جواز نہیں

بدھ 2 ستمبر 2015 17:31

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) تیل کی قیمتوں میں کمی قوم سے مذاق ہے ڈیزل پر 45 فیصد ٹیکس کا جواز نہیں جبکہ گیس کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ کرکے عوام کو زندہ درگو کرنے کی سازش ہے حکومت فوری طور پر پٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکس کا فیصلہ واپس لیکر عوام کو ریلیف دے جبکہ گیس کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ کھاد کی قیمتوں میں اضافے کا موجب بنے گا جس سے کسان طبقہ پس جائیگا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ حکومت جب سے برسر اقتدار آئی ہے انہوں نے عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ٹیکس پر ٹیکس عوام پر لاگو کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ہر مکتبہ فکر کے لوگ حکومت کیخلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہیں حکمرانوں کے عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے حکومت کی رخصتی کا موجب بنیں گے ناقص اور عوام دشمن حکومتی پالیسیاں عوام کیلئے وبال جان بنتی جارہی ہیں کرپشن نے اداروں کو گھن کی طرح چاٹ لیا ہے چند خاندانوں نے نصف صدی سے اقتدار پر قبضہ جما رکھا ہے عوام مغل بادشاہوں سے تنگ آچکے ہیں سیاستدانوں نے روش نہ بدلی تو ملک میں انقلاب کو کوئی نہیں روک سکے گا ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ حکومتی کسان دشمنی جاری ہے گیس کے بعد کھاد مہنگی ہوگئی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نہ کرکے ثابت کیا ہے کہ انہیں عوام سے کوئی غرض نہیں۔