کماد کے کاشتکارستمبر کاشت کیلئے بیج تیار کرنے کے بعد بوائی میں کسی صورت تاخیر نہ کریں ۔ ماہرین زراعت

منگل 8 ستمبر 2015 14:40

فیصل آباد ۔8 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کماد کے کاشتکارستمبر کاشت کیلئے بیج تیار کرنے کے بعد بوائی میں کسی صورت تاخیر نہ کریں اور بیج کو کھیت میں لا کر ہی چھیلنے کو ترجیح دی جائے تاکہ بیج کو خرا ب ہونے سے بچایاجاسکے۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ ستمبر کاشت کیلئے صحت مند بیج کے حصول کی غرض سے بہتر کھیتوں کا چناؤ کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کو اچھی طرح پھپھوند کش زہر کے محلول میں کم از کم 5منٹ تک بھگو کر اس کی کاشت یقینی بنائیں تاکہ بیج کی بڑھوتری کا عمل تیز کرنے سمیت اسے مختلف بیماریوں سے بچانا ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کی کھور ی کسی تیز دھار آلے سے اتار نے کی بجائے ہاتھ سے اتاریں اور اس کی باربرداری کے دوران بھی احتیاط برتی جائے کیونکہ زخمی ہونے والا بیج جہاں مختلف بیماریوں کاشکار ہو سکتاہے وہیں اس کی بڑھوتری میں بھی رکاوٹیں درپیش آنے کے خدشات ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین ، ایگری کلچر ایس ایم ایس ہیلپ لائن نمبر 0304-4000172 یا فری ایگری کلچر ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں۔