کاشتکار کریلے ، کھیرے ، ،گھیا توری، ٹماٹرسمیت موسم گرما کی دیگر سبزیوں کی بہتر پیداوار کیلئے ٹنل کاشت کو ترجیح دیں ۔ ترجمان محکمہ زراعت

منگل 8 ستمبر 2015 14:40

فیصل آباد ۔8 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہ کریلے ، کھیرے ، گھیاکدو، چپن کدو، حلوہ کدو ،گھیا توری، ٹماٹرسمیت موسم گرما کی دیگر سبزیات کی ٹنل کاشت سے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے لہٰذا کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ٹنل کاشت کے طریقہ کو اپنائیں تاہم چھوٹی ٹنل کی اونچائی کم از کم ایک میٹر رکھی جائے جبکہ واک ان ٹنل کی اونچائی دومیٹرسے کم نہیں ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ واک ان ٹنل میں شملہ مرچ ، سبز مرچ ، بینگن، ٹماٹر ، گھیا کدو کامیابی سے کاشت کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اونچی ٹنل کی اونچائی 4 سے5 میٹر تک رکھنا ضروری ہوتاہے تاکہ اس میں گھیا کدو ، کریلے ، کھیرے کی بیلیں آسانی سے عمودی طورپر چڑھائی جاسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ ٹنل کا رخ ہمیشہ لمبائی میں مشرق سے مغرب کی طرف رکھنا چاہیے تاکہ موسم سرما کے دوران سورج کی شعائیں زیادہ سے زیادہ ٹنل کے اند ایک خاص زاویے سے داخل ہو کر اندرونی ماحول کو گرم رکھ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ نرسری لگانے کیلئے ایسی زمین کا انتخاب بھی ضروری ہے جو کلر سے پاک اورپانی کے مناسب نکاس کی حامل ہو ۔