حکومت نے سبزیاں اگانے کیلئے معیاری بیجوں کے حصول کا مسئلہ حل کر دیا

منگل 8 ستمبر 2015 14:42

فیصل آباد ۔8 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ گھریلو پیمانے پر سبزیاں اگانے کا سب سے اہم مسئلہ یہ تھا کہ سبزیاں اگانے والے افراد کو معیاری بیج کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن اب پنجاب حکومت نے بیج کی فراہمی کا مسئلہ حل کردیا ہے اور محکمہ زراعت کی جا نب سے کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت سبزیوں کے پیکٹ سبزیاں اگانے والے افراد کو فراہم کئے جا رہے ہیں اور ایک پیکٹ میں آٹھ سبزیوں کے بیج ہوتے ہیں جس کی قیمت پچاس روپے ہے۔

علاوہ ازیں بیج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ زراعت سبزیوں کی پیداواری ٹیکنالوجی سے بھی عوام کو آگاہ کررہا ہے اور بیج کے ہرپیکٹ کے ساتھ پمفلٹ بھی فراہم کیاجارہاہے جس میں سبزیاں اگانے کا طریقہ کار درج ہوتا ہے تاکہ سبزیاں اگانے کے شوقین افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت حکومت پنجاب کی طرف سے شروع کیاگیا کچن گارڈننگ پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور سبزیاں اگانے کے خواہش مند افراد اس پروگرام میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس محکمہ نے سبزیوں کے بیجوں کے 239000پیکٹ عوام کو فراہم کئے تھے ۔ یہ پیکٹ یونین کونسل کی سطح پر اتوار بازاروں اور دیگر عوامی اجتماعات میں فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ عوام کو سبزیوں کے معیاری بیج حاصل کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایاکہ اس سال بھی عوام کو سبزیوں کے بیجوں کے ایک لاکھ کے قریب پیکٹ فراہم کئے جا رہے ہیں ۔