ترشاوہ پھلوں اور امرود کی دیکھ بھال کیلئے باغبانوں کو خصوصی تربیت فراہم کرنے کافیصلہ

منگل 8 ستمبر 2015 14:43

فیصل آباد ۔8 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)حکومتی ہدایات کی روشنی میں ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ، جامعہ زرعیہ اور بعض دیگر زرعی تحقیقی اداروں کے اشتراک سے ترشاوہ پھلوں اور امرود کی قبل و بعد ازکاشت دیکھ بھال کیلئے خصوصی تربیتی سیمینارز کے انعقاد کافیصلہ کیاگیاہے تاکہ ترشاوہ پھلوں اور امرود کی شاندار فصل حاصل کرنے اور پھل کو نقصان سے بچانے میں مدد مل سکے۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ ان تربیتی پروگرامز میں باغبانوں ، کاشتکاروں کو ترشاوہ پھلوں اور امرود کے پھل کو بیماریوں سے بچانے کیلئے اقدامات اور ان کے تجارتی امور سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ترشاوہ پھل اور امرود ہمارے ملک میں کثرت سے پیداہونے کے باوجود قبل از کاشت فرسودہ طریقوں نیز ان پھلوں کو لگنے والی بیماریوں ، کیڑوں کے حملوں ، کاشت کے بعد پودوں کی غیر تسلی بخش دیکھ بھال جیسے مسائل کا شکار ہیں جس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز ، باغبانوں ، کاشتکاروں ، تاجروں ، پراسیسرز ، برآمد کنندگان ، باغات کی دیکھ بھال پر مامور افراد ، سینٹری اور فائٹو سینٹری اقدامات کرنے والوں کی تعلیم و تربیت کی اشد ضرورت ہے تا کہ ان کی استعداد کار میں اضافہ کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس قسم کے تربیتی پروگرامز کے انعقاد کا مقصد برآمدی تنوع ، ویلیو ایڈیشن، موجود ہ منڈیوں میں حجم میں اضافے اور بین الاقوامی منڈیوں میں داخلے کے ذریعے پاکستان سے ترشاوہ پھلوں اور امرود کی برآمد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرناہے۔