گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر 1 کوٹ نجیب الله میں یوم خواندگی کے حوالہ سے تقریب

بدھ 9 ستمبر 2015 13:29

ہری پور۔ 9 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر 1 کوٹ نجیب الله میں یوم خواندگی کے حوالہ سے پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں بچیوں کے والدین اور ٹیچرز کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سرکل کوٹ نجیب الله سعیدہ بانو نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچے جو کسی بھی وجہ سے ابھی تک سکول میں داخل نہیں ہو سکے انہیں تعلیمی دائرہ میں لانے کیلئے اہم اقدامات کریں۔

انہوں نے اس موقع پر والدین اور سول سوسائٹی کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کے بہتر مسقبل کیلئے بچوں اور بچیوں کو قریبی سکولوں میں داخل کرائیں جو والدین کا اخلاقی و قانونی حق ہے۔ اس دوران گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر1 کوٹ نجیب الله میں2 بچیوں کو داخل بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بچیوں کے والدین سے کہا کہ حکومت نئی نسل کی تعلیم و تربیت کیلئے بہترین اساتذہ، تمام سہولیات سے مزین عمارات کے علاوہ تمام طلباء و طالبات کیلئے مفت کتب فراہم کر رہی ہیں۔

حکومت نے طبقاتی نظامِ تعلیم کا خاتمہ کر کے یکساں تعلیمی نظام شروع کر دیا ہے۔ سرکل بھر کے تمام سکولوں میں 8 تا 30 ستمبر ماہ خواندگی منانے کی ہدایت کرتے ہوئے اساتذہ سے کہا ہے کہ داخلہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اہم جگہوں اور سکولوں کے مین گیٹ پر بینرز اور سائن بورڈز لگائے جائیں۔ (ab-bsh/mzm/msb 1155:15)