قومی وطن پارٹی پختونوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر فورم پر کوشاں ہے، حکومت بجلی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی اورچھوٹے صوبوں کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤکاتقریب سے خطاب

بدھ 9 ستمبر 2015 23:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی خطہ اور پختونوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر فورم پر کوشاں ہے اور عملی کام کے ذریعے پختونوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔وہ بدھ کووطن کور میں ضلع بونیر کے ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ضلع بونیر کے مختلف ویلج کونسلران اور اے این پی کے سرکردہ کارکنوں امیر محمد خان،شاہ نذر خان،اخترعلی،ولی محمد اور انور علی نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہم ترقی پسندانہ سوچ رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پختون قوم کو دنیا کی دیگرترقیافتہ اقوام کی صفوں میں برابر لاکھڑا کردے اور اس ضمن میں قومی وطن پارٹی کا تگ و دو اور جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے طویل دورانیہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بجلی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی اورچھوٹے صوبوں کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے۔انھوں نے مزیدکہا کہ ہمارا صوبہ ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کرنے کے باوجود امتیازی سلوک کا شکا رہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کے عوام میں مایوسی پائی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وفاق ملک کی تمام اکائیوں کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے برابری کی بنیاد پر اقدامات اٹھائے تاکہ چھوٹے صوبوں میں پائی جانے والی محرومی و مایوسی کا خاتمہ ہو سکے بصورت دیگران کی مشکلات میں مزیداضافہ ہو گا ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام میں پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے کیلئے قومی وطن پارٹی ہر اول دستے کا کردار اداکرے گی اور صوبے اور عوام کے حقوق و بہبوداور ترقی و خوشحالی سمیت امن و امان کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس نازک صورتحال میں عوام کو کسی صورت بے یار و مدد گار نہیں چھوڑاجائے گا۔تقریب سے قومی وطن پارٹی ضلع بونیر کے چیئرمین پروفیسر حمیدالرحمان،ظاہر خان ،کچکول خان اور عادل خان نونونے بھی خطاب کیا۔