ٹیلوں تک نہری پانی کی ہر ممکن ترسیل یقینی بنانے کیلئے کسان تنظیمیں اپنی اپنی راجباہوں کی یکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں؛پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی

جمعرات 10 ستمبر 2015 15:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء)پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) کے ڈپٹی جنرل منیجر( ایڈمنسٹریشن) افضل انجم طور نے کہا ہے کہ کسان تنظیمیں اپنی اپنی راجباہوں کی مرمت ودیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ٹیلوں تک نہری پانی کی ہر ممکن ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں لوئر چناب کینال(غربی) سرکل کے ایریا واٹر بورڈ کے تحت کام کرنے والی کسان تنظیم ڈجکوٹ کے نمائندگان کے ساتھ ملاقات میں کہی۔

اس موقع پر پیڈا کے منیجر(ایڈمنسٹریشن) عبدالواحد،منیجر(آئی ایس) سعید احمد گھمن کے علاوہ کسان تنظیموں کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ ملاقات سے قبل وفد نے ڈجکوٹ ڈسٹری بیوٹری کی انسکپشن بھی کی۔ڈپٹی جنرل منیجر پیڈا افضل انجم طور نے کسان تنظیموں کے نمائندگان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راجباہوں کے کناروں کی موثر دیکھ بھال کے لئے پٹرولنگ کا عمل انتہائی ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

اس عمل کی بدولت پانی کی چوری کے واقعات میں بھی کمی ہو گی اور نہری تنصیبات بھی توڑ پھوڑ سے محفوظ رہ سکیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آبیانہ وصولی کے لئے آبپاشگان سے رابطہ مزید بہتر بنایا جائے تاکہ سرکاری واجبات حکومتی خزانے میں بروقت جمع کروائے جا سکیں۔اس موقع پر انہوں نے محکمہ آبپاشی اور پیڈا کے عملے کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسان تنظیموں سے ہر صورت موثر رابطہ بحال رکھا جائے تاکہ عوامی بھلائی کے اس پروگرام سے عام کاشتکاروں کو بھی خاطر خواہ انداز میں مستفید کیا جا سکے۔