فیصل آباد؛ کپاس اور دھان کی کاشت سے متعلق فصل شماری کے لئے گاؤں گاؤں سروے شروع

جمعرات 10 ستمبر 2015 15:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع میں کپاس اور دھان کی کاشت سے متعلق فصل شماری کے لئے گاؤں گاؤں سروے شروع کردیا گیا ہے جس کے لئے ہر گاؤں کی سطح پرمحکمہ مال کے متعلقہ پٹواری،محکمہ زراعت کے نمائندہ اورنمبردارپرمشتمل سروے کمیٹیزقائم کی گئیں ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ کلکٹر سروے کی نگرانی اور ای ڈی او (زراعت)کی طرف سے معاونت کی جائے گی۔

اس سلسلے میں ایک اجلاس ڈی سی اونورالامین مینگل کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کنور اعجاز خالق،ای ڈی او(زراعت)چوہدری عبدالحمید اورڈسٹرکٹ آفیسر(زراعت)شبیر افضل وڑائچ ودیگر افسران نے شرکت کی۔ڈی سی او نے محکمہ مال اور محکمہ زراعت کے افسران پر زور دیا کہ کپاس اوردھان کی کاشت سے متعلق سروے کو طے شدہ رہنما اصولوں اورقواعد وضوابط کے مطابق 18ستمبر تک مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر سروے رپورٹس کو مرتب کرکے ضلعی ہیڈ کوارٹرز بھجوائیں جس کو جمع کرکے ضلع کی مجموعی رپورٹ حکومت پنجاب کو بھجوائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ سروے سے متعلق جاری کردہ فارم کے ہرخانے کو حقائق کے مطابق واضح طور پرپُرکیا جائے تاکہ کسی قسم کا ابہام یا غلطی باقی نہ رہے۔انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ سروے سے متعلق متعلقہ سٹاف سے مکمل تعاون کرتے ہوئے صحیح معلومات فراہم کریں۔

ای ڈی او (زراعت)چوہدری عبدالحمیدنے بتایا کہ سروے فارم میں متعلقہ ضلع،تحصیل،پٹوارسرکل،موضع،کاشتکارکانام،ولدیت/زوجیت،قوم،قومی شناختی کارڈنمبر/موبائل نمبر،زیر کاشت زمین سے متعلق مزارع،ٹھیکیدار،مالک یا دیگر حیثیت کے بارے میں معلومات،زمین کا کھیوٹ نمبر،خسرہ نمبر،دھان اورکپاس کا زیرکاشت رقبہ کے بارے میں معلومات درج کی جارہی ہیں۔