وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوئٹہ میں پشتو اکیڈمی کے زیراہتمام پشتو عالمی سیمینار کا خیرمقدم

مقامی زبانوں کی ترقی وترویج کیلئے ان زبانوں سے تعلق رکھنے والے اہل علم ودانش کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،مالک بلوچ

جمعہ 11 ستمبر 2015 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کوئٹہ میں پشتو اکیڈمی کے زیراہتمام پشتو عالمی سیمینار کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی زبانوں کی ترقی وترویج کے لئے ان زبانوں سے تعلق رکھنے والے اہل علم ودانش کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے ایک پیغام میں سیمینارکے انعقاد اور اس میں شریک مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت مقامی زبانوں کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تمام مادری زبانوں کو یکساں اہمیت دینے کی ہدایت کی تھی جس کا ہم نے خیرمقدم کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ صوبائی اسمبلی سے صوبے میں بولی جانے والی تمام زبانوں بشمول سندھی، فارسی، سرائیکی اور پنجابی کو پرائمری سطح تک کے سکولوں کے نصاب میں بطور مضمون شامل کرنے کے لیے قانون سازی کی گئی اور عوام کے ساتھ اس حوالے سے کئے گئے اپنے ایک اور وعدے کی تکمیل کی جو کہ ہماری پارٹی کے منشور کا حصہ بھی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دور میں جن قوموں نے ترقی کی ہے انہوں نے اپنی مادری زبانوں کو درس تدریس کا ذریعہ بنایا ہے اور ہم بھی اس طرف قدم بڑھارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اہل علم ودانش کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقامی زبانوں کی ترقی و ترویج اور انہیں درس وتدریس کا ذریعہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔