کاشتکاروں کو کپاس کی بھرپور پیداوار کیلئے غذائی اجزاء اور پانی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت

بدھ 16 ستمبر 2015 16:25

فیصل آباد ۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کپاس کی بھرپور پیداوار کیلئے پھل ، پھول ، ٹینڈوں کے نازک مرحلے پر غذائی اجزاء اور پانی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کاشتکار موجودہ ایام میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں اور کیڑوں و سنڈیوں کے تدارک کیلئے بھی بروقت اقدامات کئے جائیں ۔

ایک ملاقات کے دوران محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کپاس کی فصل کو نائٹروجن کی کمی کی صورت میں 2کلو گرام یوریا فی ایکڑ 100لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کیاجائے اور اکتوبر تک مسلسل ٹینڈے حاصل کرنے کیلئے آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈالی جائے نیز پودوں پر بھرپور ٹینڈوں کیلئے میگنیشنم سلفیٹ اور بوران کا سپرے کیاجائے اسی طرح پھل کو گرنے سے بچانے کیلئے زنک، بوران اور یوریا کا سپرے بھی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر فصل بڑھوتری کی طرف زیادہ مائل ہو تو میپی کواٹ کلورائیڈ 100ملی لیٹر فی ایکڑ کے حساب سے سپرے کیاجائے ۔علاوہ ازیں پوٹاشیم نائٹریٹ کے 2فیصد محلول کے دو سپرے بھی ایک ہفتہ کے وقفہ سے کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ کپاس کے جن علاقوں میں پتہ مروڑ وائرس کا حملہ بڑھ رہا ہے وہاں فوری طور پر وائرس کے متبادل میزبان پودوں کو تلف کرنے سمیت سفید مکھی کے موٴثر کنٹرول کیلئے ایک ہی قسم کی زہرکا بار بار سپرے نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ نمی کی وجہ سے رواں موسم میں کپاس پر سبز تیلے اور ملی بگ کا حملہ بڑھ رہا ہے اس لئے اگر ان کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد تک ہو تو زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کیاجائے۔