پاکستان اور چین کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ دوم کے دوسرے حصے پر جلد دستخط کر دیئے جائیں گے،معاہدہ میں پاکستان کے مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی طلب اور ملکی صارفین کی فلاح کے درمیان ایک توازن قائم کیا گیا ہے جس سے تمام شراکت دار فائدہ اٹھا سکیں گے ،وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان

جمعرات 17 ستمبر 2015 23:15

پاکستان اور چین کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ دوم کے دوسرے حصے پر جلد ..

بیجنگ ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ دوم کے دوسرے حصے پر جلد دستخط کر دیئے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کی وزارت تجارت کے مابین زیادہ تر معاملات طے پا گئے ہیں۔ آزادانہ تجارتی معاہدہ دوم میں پاکستان کے مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی طلب اور ملکی صارفین کی فلاح کے درمیان ایک توازن قائم کیا گیا ہے جس سے تمام شراکت دار فائدہ اٹھا سکیں گے اور متعدد شعبوں کی محرومیوں کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے بیجنگ میں چین کے و زیر تجارت سے ملاقات کے بعد جاری ایک بیان میں کیا۔ آزاد تجارتی معاہدہ دوم کے مذاکرات کے آغاز کے بعد دونوں ممالک کے وزراء تجارت کی یہ پہلی ملاقات ہے جس میں طے پایا ہے کہ معاہدوں کو جلد حتمی شکل دی جائے گی دونوں وزراء تجارت نے اشیاء کے ٹیرف میں کمی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

چینی معیشت پاکستان کی معیشت کے مقابلے میں کئی گنا بڑی ہونے کے ناطے سے پاکستان کو زیادہ تجارتی مراعات دی جائیں گی۔

مزید برآں تجارتی اعداد و شمار میں فرق کو ختم کرنے اور انڈر انوائسنگ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کی تنصیب میں تیزی لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر کو وزیراعظم کی طرف سے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ملکی کسٹمز حکام کے ساتھ ملاقات کر کے انڈر انوائسنگ کے مسئلہ کا حل نکالیں۔ خرم دستگیر نے چینی وزیر کو پاکستانی برآمد کنندگان کو سوست بارڈر پر پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل کے ساتھ سوست بارڈر سے دونوں ممالک کے مابین زمینی تجارت میں کئی گنا اضافہ متوقع ہے۔ اس تجارتی موقع کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی وزیر نے چینی وزیر تجارت سے درخواست کی کہ وہ بارڈر پوسٹ پر پاکستانی تاجروں کو مزید سہولیات بہم پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :