مسور کی فصل کو نقصان رساں کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت

ہفتہ 19 ستمبر 2015 15:25

فیصل آباد ۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء)زرعی ماہرین نے مسور کے کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ اچھی پیداوارکے حصول کیلئے فصل کو نقصان رساں کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھیں تاکہ انہیں بھر پور مالی فائدہ حاصل ہو سکے۔ماہرین نے بتا یا کہ ٹوکا اگتی ہوئی مسور کی فصل کے چھوٹے پودوں کو کاٹ کر کھاتا ہے جس سے پیداوار بری طرح متاثر ہو تی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ چور کیڑے کی سنڈیاں دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہیں اور رات کو چھوٹے پودوں کو کاٹ کر فصل کا نقصان کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے انسداد کیلئے ناقابل استعمال سبزیاں کاٹ کر شام کو ڈھیریوں کی صورت میں رکھ دی جائیں اور صبح ہو تے ہی ان ڈھیریوں کے نیچے چھپی ہو ئی سنڈیوں کو تلف کر دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ فصل کے اگنے سے کٹائی کے مرحلہ تک کسی بھی وقت دیمک کا حملہ ہو سکتا ہے اور دیمک پودوں کی جڑوں پر حملہ آور ہوتے ہوئے زمین میں سرنگیں بنا لیتی ہے جس سے متاثرہ حملہ شدہ پودے سوکھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت آبپاشی کر الی جائے تو دیمک کے حملہ سے کسی حد تک بچا جا سکتا ہے۔