چینی سفارتخانے کے کلچرل اتاشی کل جامعہ زرعیہ کا دورہ کریں گے

بدھ 30 ستمبر 2015 15:35

فیصل آباد۔30 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء)پاکستان میں چینی سفارتخانے کے کلچرل اتاشی آج جمعرات کے روز جامعہ زرعیہ فیصل آباد کا دورہ کریں گے جبکہ اس موقع پر چین کے قومی دن کے سلسلہ میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی ۔ جامعہ زرعیہ کے ترجمان نے بتایاکہ چین کا قومی دن آج یکم اکتوبر بروز جمعرات کو شایان شان طریقے سے منایاجائیگا اور اس موقع پر جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام بھی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔

انہوں نے بتایا کہ کل یکم اکتوبر کوصبح ساڑھے نو بجے اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے جائیں گے جبکہ چینی پرچم بھی فضاء میں بلند کیا جائے گا نیز اس دوران چین کے قومی نغموں کے ساتھ ساتھ لیبارٹری سکولز سسٹم کے بچے اور یونیورسٹی طلباء خوبصورت اور دلچسپ پرفارمنس بھی پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ازاں بعد ساڑھے گیارہ بجے نیو سینٹ ہال میں چائنا پاکستان اکنامک کوری ڈور پر کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت‘ افادیت اور اس کے قومی معیشت پر پڑنے والے خوشگوار اثرات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں مذکورہ تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے جبکہ چینی سفارتخانے میں کلچرل اتاشی بھی خاص طو رپر تقریب میں شرکت کریں گے۔