محکمہ زراعت کی آملہ کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

اتوار 4 اکتوبر 2015 17:09

فیصل آباد۔4 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء)محکمہ زراعت فیصل آباد نے آملہ کی کاشت فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار آملہ کی کاشت جلد از جلد مکمل کرلیں تاکہ اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہ آملہ کاپھل طبی نقطہ نظر سے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کے پھل میں وافر مقدار میں وٹامن سی پایا جاتاہے جبکہ اس کا مربہ دل ، دماغ ، بصار ت کیلئے بھی انتہائی مفید ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ آملہ کا درخت خوبصورت اور درمیانے قدکا ہوتاہے جس پر گول بیر کی طرح پھل لگتاہے۔ انہوں نے کہاکہ آملہ کے پودے ماہ اکتوبر میں بذریعہ ٹی بڈنگ پیوند کئے جاتے ہیں اور نئے پودے لگانے کا عمل بھی اکتوبر میں میں مکمل کرلیاجاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ آملہ کی کاشت ریتلی میرا اور بہتر نکاس والی زمین میں کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات ، مشاورت ، رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔