اجزائے خوراک کی کمی کے باعث زمین کی پیداواری صلاحیت کم ہوتی جا رہی ہے ،ماہرین زراعت

پیر 5 اکتوبر 2015 16:54

فیصل آباد۔5 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اکتوبر۔2015ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ زمین کی ذرخیزی کامیاب کاشتکاری کی ضامن ہے تاہم اجزائے خوراک کی کمی کے باعث زمین کی پیداواری صلاحیت کم ہوتی جا رہی ہے جس سے فصلات کی پیداوار میں بھی فی ایکڑ کمی واقع ہو رہی ہے ۔ جسے بروقت دور کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ فی ایکڑ بہتر و صحت مند پیداوار کا حصول یقینی ہو سکے ۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ ہمارے ہاں سالہاسال سے فصلوں کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام مسلسل کاشت کی جا رہی ہیں نیز زمین میں دستیاب اجزائے خوراک کی کمی کی وجہ سے اس کو برقرار رکھنے کیلئے قدرتی یا مصنوعی کھادیں استعمال کی جاتی ہیں جس سے زمین کو نقصان پہنچ سکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کھادوں کے مناسب و مفید استعمال کیلئے زمین کے ہر ٹکڑے کی ذرخیزی اور طبی ساخت، زمین میں موجود نمکیات اور نامیاتی مادے کی مقدار کا علم ہونا ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح انسان کے بیمار ہونے پرماہرین طب اس کی بیماری جانچنے اور اس کے مطابق علاج معالجہ شروع کرنے کیلئے اس کے خون یا پیشاب وغیرہ کے ٹیسٹ کرواتے ہیں اسی طرح فصلوں کی کم ہوتی پیداوار کو بہتر بنانے کیلئے بھی ضروری ہے کہ کھیتوں کی مٹی کا تجزیہ کروایا جائے تاکہ زمین کی ذرخیزی ، طبی ساخت ، نامیاتی مادوں کی مقدار ، اس میں موجود نمکیات وغیرہ کے بارے میں آگاہی حاصل ہو سکے اور اس کی روشنی میں ماہرین زراعت کی مشاورت سے متوازن کھادوں کا استعمال کرتے ہوئے زرعی پیداوار کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔