برسیم کی مخلوط کاشت سرسوں کی بجائے رائی گراس یا جئی کے ساتھ کی جائے ، ماہرین

بدھ 7 اکتوبر 2015 14:25

فیصل آباد۔7 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ برسیم کی مخلوط کاشت سرسوں کی بجائے رائی گراس یا جئی کے ساتھ کی جائے اور اس سلسلہ میں 15 سے 20 کلوگرام فی ایکڑ معیاری بیج استعمال کیاجائے تاکہ برسیم کی بہترین مخلوط پیداوار حاصل ہو سکے۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ برسیم اور لوسرن کو پہلا پانی بجائی کے ایک ہفتے اور جئی کو تین ہفتے بعد دینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار برسیم اور لوسرن کا صاف ستھرا و معیاری 6 سے 8کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ برسیم ، لوسرن اور اگیتی جئی کی کاشت فوری طور پر شروع کر کے 31 اکتوبر تک جبکہ جئی کی درمیانی و پچھیتی کاشت دسمبر کے آخر تک بھی کاشت کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معیاری سبز چارے کے حصول سے جہاں کاشتکار بہتر منافع حاصل کر سکتے ہیں وہیں جانوروں کی صحت اور ان کے گوشت و دودھ کی پیداوار میں بھی زبردست اضافہ ممکن بنایاجا سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ زرعی عملہ کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے جبکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی و مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔