این اے 122ضمنی الیکشن ، پولنگ اسٹیشن کے سامنے (ن) لیگ اور پی ٹی آئی سپورٹرز کے درمیان ڈانس کا مقابلہ

دونوں جماعتوں کے نوجوان سپورٹرز مقابلے کے بعد پر امن طور پر منتشر ہو گئے ، لوگوں نے تالیاں بجا کر دونوں گروپوں کو داد دی

اتوار 11 اکتوبر 2015 21:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اکتوبر۔2015ء) لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122اور صوبائی حلقہ پی پی 147کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں قائم پولنگ اسٹیشن کے سامنے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان سپورٹرز کے درمیان ڈانس کا مقابلہ بھی ہوا ، دونوں جماعتوں کے سپورٹرز مقابلے کے بعد پر امن طور پر منتشر ہو گئے ، لوگوں نے تالیاں بجا کر دونوں گروپوں کو داد دی ۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 122 اور پی پی 147کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جہاں سپورٹرز انداز ،،رنگ برنگے کپڑے پہنے، چہروں پر پینٹ کیے اپنی پارٹیوں کو سپورٹ کرتے دکھائی دیئے وہیں گڑھی شاہو کے علاقے میں کوئین میری کالج کے سامنے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان سپورٹرز آمنے سامنے آگئے اور کچھ دیر نعرے بازی کرنے کے بعد دونوں گروپوں میں ڈانس کا مقابلہ شروع ہو گیا ۔

(جاری ہے)

ایک نوجوان پی ٹی آئی کا آکر ڈانس کرتا تو اس کے جواب میں مسلم لیگ(ن) کے گروپ کی طرف سے دوسرا نوجوان آکر ڈانس کے مقابلے میں حصہ لیتا ۔نوجوانوں کے ڈانس مقابلے نے کافی دیر تک سماع باندھے رکھا اور لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہو گئی ۔ ڈانس مقابلے کے موقع پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب دونوں جماعتوں کے نوجوان سپورٹرز نے اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے بعد ایک دوسرے کو گلے لگایا اور پرامن طور پر وہاں سے منتشرہوگئے ۔اس موقعپر لوگوں نے تالیاں بجا کر دونوں گروپس کے بہترین ڈانسرز کو داد بھی دی ۔