محکمہ خوراک نے ضلعی سٹورز میں موجود گندم کی فزیکل انسپیکشن شروع کر دی

پیر 12 اکتوبر 2015 16:17

فیصل آباد۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء)محکمہ خوراک کی جانب سے فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع کے سٹورز میں موجود گندم کی فزیکل انسپیکشن شروع کر دی گئی ہے تاکہ گوداموں میں موجود گندم کے ذخیرے کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جا سکے۔ محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں 67لاکھ بوری گندم گوداموں میں موجود ہے جس کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں 21لاکھ 50ہزا ر کے قریب بوری گندم کے ذخائر سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع میں موجود 67لاکھ بوری گندم کی گوداموں میں موجودگی کی فز یکل ویریفکیشن رپورٹ مرتب کی جائے گی جس میں ہر ضلع میں موجود گوداموں میں ذخیرہ شدہ گندم کے بارے میں رپورٹ تیار کر کے حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ حال ہی میں محکمہ خوراک پنجاب کی طرف سے گندم کے سٹاکس کو فزیکل ویریفکیشن سرٹیفکیٹ سے مشروط کیا گیا ہے تاکہ سرکاری گوداموں میں موجود گندم کے خرد برد کو روکنے میں مدد مل سکے ۔