متحدہ عرب امارات نے بھی ایٹمی ہتھیاروں کے حصول میں دلچسپی لینا شروع کر دی

یو اے ای کے ایک اہم عہدیدار کی امریکہ سے یورینیم افزودہ کرنے کے حق پر بات چیت ، امریکہ نے بھی تعاون کا عندیہ دیدیا

اتوار 18 اکتوبر 2015 14:11

متحدہ عرب امارات نے بھی ایٹمی ہتھیاروں کے حصول میں دلچسپی لینا شروع ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اکتوبر۔2015ء) متحدہ عرب امارات نے بھی ایٹمی ہتھیاروں کے حصول میں دلچسپی لینا شروع کر دی ہے اور یو اے ای کے ایک اہم عہدیدار نے امریکہ سے یورینیم افزودہ کرنے کے حق پر بات چیت کی ہے اور امریکہ نے بھی تعاون کا عندیہ دیا ہے ۔یہ انکشاف امریکی کانگریس کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ ایڈ روئس نے کیا اور بتایا کہ متحدہ عرب امارات بھی یورینیم افزودہ کرنے کا حق حاصل کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے سفیر برائے واشنگٹن یوسف العتیبہ نے اْنہیں فون پر کہا کہ ان کا ملک خود کو امریکا کے ساتھ طے کیے جانے والے جوہری معاہدے پر مزید عمل درآمد کا پابند محسوس نہیں کر رہا۔ ایڈ روئس کے مطابق العتیبہ نے کہا کہ امریکا کے دشمن کو یہ حق حاصل ہو گیا ہے اور اب دوست بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی طاقتوں اور تہران حکومت کے ساتھ تاریخی جوہری معاہدے کے طے ہونے کے بعد ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے اور اسے یورینیم افزودہ کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔

2009ء میں امریکا اور یو اے ای کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کی رو سے امریکا نے یو اے ای کو جوہری توانائی میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی اور آلات مہیا کرنے کی حامی بھری تھی۔ اس” 123 ایگریمنٹ“ نامی معاہدے کے تحت ’یو اے ای‘ نہ تو یورینیم افزودہ کر سکتا ہے اور نہ ہی اس عمل میں استعمال شدہ جوہری ایندھن کو ری پروسس کر کے اس سے پلوٹونیم حاصل کرنے کی کوشش کر سکتا ہے، ان دونوں طریقوں پر عمل کرتے ہوئے جوہری ہتھیار بنائے جا سکتے ہیں۔

اس سلسلے میں جب واشنگٹن میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے رابط کیا گیا تو انہوں نے جواب میں ایک مختصر سا تحریری بیان جاری کیا کہ حکومت نے ’ 123 ایگریمنٹ‘ پر باضابطہ طور پر عمل درآمد کے حوالے سے اپنے خیالات اور نقطہ نظر کو تبدیل کیا ہے۔ اس سے قبل یو اے ای ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کا خیر مقدم بھی کر چکا ہے۔ ایڈ روئس کے بقول اس بیان کو کچھ اس طرح سے سمجھا جا سکتا ہے کہ شاید یو اے ای یہ باور کرانا چاہ رہا ہے کہ اسے یورینیم افزودہ کرنے کا حق حاصل ہے اور اس پر نظر ثانی کی جا رہی ہے۔ روئس کا شمار بھی ان افراد میں ہوتا ہے، جو ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے بھرپور خلاف تھے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اس رپورٹ پر کسی قسم تبصرہ کرنے سے معذرت کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :