فواد اور ماہرہ بھی شیو سینا کے نشانے پرآگئے

بدھ 21 اکتوبر 2015 12:37

فواد اور ماہرہ بھی شیو سینا کے نشانے پرآگئے

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کی پاکستان مخالف مہم کی زد میں اب پاکستانی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان بھی آگئے ہیں اور تنظیم نے دھمکی دی ہے پاکستانی اداکاروں کو ممبئی میں فلموں کی پرموشن نہیں کرنے دی جائے گی-ایمرٹس 247 کی ایک رپورٹ کے مطابق شیو سینا نے ماہرہ اور فواد کی آنے والی فلموں 'رئیس' اور”اے دل ہے مشکل“ کی پروموشن کی اجازت نہ دینے کی دھمکی دی ہے-شیو سینا کے فلم ونگ چترا پتا سینا کے جنرل سیکریٹری اکشے برداپرکر کا کہنا ہے کہ ہم ہندوستانی ریاست مہاراشٹر کی سر زمین پر کسی پاکستانی اداکار، کرکٹر یا فنکار کو نہیں آنے دیں گے-ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمیں اس بات کی پروا نہیں کہ اِن پاکستانیوں کو اپنی فلموں میں کون سائن کررہا ہے، کرن جوہر، فرحان اختر، شاہ رخ خان وغیرہ ذمہ دار شہری ہیں اور انھیں پاکستانیوں کو اپنی فلموں میں کاسٹ نہیں کرنا چاہیے-واضح رہے کہ ماہرہ ، شاہ رخ خان کے ساتھ فلم”رئیس“ سے اپنا بولی وڈ ڈیبیو کر رہی ہیں، جو اگلے برس عید پر ریلیز کی جائے گی جبکہ فواد خان کی فلم 'اے دل ہے مشکل' اگلے برس دیوالی پر ریلیز کی جائے گی-ممبئی روایتی طور پر پاکستان اور مسلمان مخالف تنظیم شیو سینا کا گڑھ سمجھا جاتا ہے- پاکستان کے نامور غزل گائیک غلام علی کا جمعہ 9 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والا کنسرٹ بھی شیو سینا کی ان دھمکیوں کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا، جن میں شدت پسند ہندو تنظیم کا کہنا تھا کہ ایسے میں جب ہمارے فوجی مر رہے ہوں، ہم پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات نہیں رکھ سکتے-