پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے فصل ربیع کے قرضوں کیلئے 2500 ملین روپے مختص کر دےئے

بدھ 21 اکتوبر 2015 14:22

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء)پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ نے فصل ربیع 2015-16 ء کیلئے پیداواری قرضہ جات کی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے 2500 ملین روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق قرضہ جات کااجراء رواں سال 15 اکتوبر 2015ء سے شروع کیا جا چکا ہے اور یہ قرضہ جات کاشتکاروں کو31 دسمبر تک جاری کیے جائیں گے جبکہ قرضہ جات کی واپسی 30 جون 2016 ء تک ہوگی۔

یہ قرضہ جات 100 فیصد نقدی کی صورت میں جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ فصل ربیع 2015-16 ء کیلئے جاری شدہ قرضہ جات کی سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق انشورنس کروانا لازمی ہوگی جبکہ25 ایکڑ تک رقبہ ملکیتی یا مزارع کا پریمیم پالیسی کے مطابق حکومت اور زائد ملکیت والے اپنا پریمیم خود ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق قرضہ جات کے اجراء میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بینک افسران پر لازمی ہوگا کہ وہ محکمہ امداد باہمی کے عملہ سے موثر رابطہ رکھیں اور بینک افسران اپنے اختیارات کے مطابق کاشتکاروں کو درپیش مسائل حل کریں، محکمہ امداد باہمی اور بینک افسران پر یہ بھی لازم ہوگا کہ وہ قرضہ جات کے صحیح استعمال کو یقینی بنائیں ۔

بینک پیداواری قرضہ جات کاشتکار وں کو ان کی ضرورت کے مطابق جاری کر رہا ہے تاکہ وہ اپنی زرعی ضروریات پوری کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینک سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قرضہ جات برائے فصل 2015-16 ء کے اجراء کے ساتھ ساتھ فصل خریف 2015ء کی وصولی بھی بروقت مکمل کریں اور کاشتکار / ممبران کوآپریٹو سوسائٹیز کو تمام سہولیات فراہم کریں تاکہ کاشتکار بروقت قرضہ جات حاصل کر کے ان سے استفادہ کر سکیں۔