چاول کی برآمدات میں اضافے کیلئے ٹی ڈی اے پی ریپ کے ساتھ بھرپور تعاون کریگا،ایس ایم منیر

ریپ کے تجارتی وفود کی بیرون ممالک دوروں کیلئے بھی ٹی ڈیپ سپورٹ فراہم کریگا،سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ

پیر 26 اکتوبر 2015 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ چاول کی برآمدات میں اضافے کیلئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن(ریپ)کے ساتھ بھرپور تعاون کریگا جبکہ ریپ کے تجارتی وفود کی بیرون ممالک دوروں کیلئے بھی ٹی ڈیپ سپورٹ فراہم کریگا ۔انہوں نے یہ بات پیر کو رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین نعمان احمدشیخ کی جانب سے اپنے اور ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر عبدالرحیم جانو کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کے دوران کہی۔

اس موقع پرعبدالرحیم جانو ، ریپ کے نعمان احمدشیخ نے بھی خطاب کیا جبکہ سینیٹر عبدالحسیب خان،زبیر طفیل،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،خالد تواب،رؤف چیپل،جاوید جیلانی،حامد حسین قریشی،واجد پراچہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے رائس ایکسپورٹرز کی جانب سے ریفنڈزکی ادائیگی نہ ہونے کے سوال پر کہا کہ ایف بی آر نے صرف25ارب روپے کے ریفنڈز چیک جاری کئے ہیں اور 200ارب روپے کے ریفنڈز باقی ہیں،رقوم نہ ملنے سے ایکسپورٹرز کومشکلات درپیش ہیں اور وہ بیرون ممالک خریداروں کو بروقت شپمنٹ نہیں کرپارہے تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار ایکسپورٹرز کو ریفنڈ ز کی ادائیگی کیلئے ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کے بحران کو دور کرنے کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف بدستور کوششیں کررہے ہیں،معاشی استحکام کیلئے ہم سب کو مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر عبدالرحیم جانو نے کہا کہ فیڈریشن کی ایگزیکتو کمیٹی اور جنرل باڈی میں ریپ کے حامی20ممبران ہیں جبکہ ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں بھی ریپ کے حامی22 ووٹرز کا اہم ترین کردار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیڈریشن میں کرپشن ختم کی اورپیٹرول کا جو خرچہ ساڑھے تین لاکھ روپے ماہانہ تھا اسے کم کر کے 30ہزار روپے پر لائے،اس طرح گزشتہ سال کے ابتدائی 10ماہ کے مقابلے میں رواں سال کی اسی مدت میں ایک کروڑ10لاکھ روپے کے کم اخراجات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں فیئراینڈ ایگزی بیشن میں شرکت کیلئے ماضی میں ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے فی فرد سے لے کرااپوزیشن سے وابستہ لوگ اپنی جیبوں میں ڈال لئے جاتے تھے جبکہپرانے لیڈر کے بھائی کو مفت اسٹال دیا جاتا تھا لیکن آج ہم نے شفاف طریقہ اپنایا ہے اور قرعہ اندازی کے ذریعہ اسٹالز الاٹ کئے جارہے ہیں۔

ریپ کے سینئروائس چیئرمین نعمان احمدشیخ نے چاول کی ایکسپورٹ کے حوالے سے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریپ کے لیڈر ہونے کے ناطے عبدالرحیم جانو نے چاول کی برآمدات کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور انکی سربراہی میں چاول کی ایکسپورٹ 2ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرچکی ہے لیکن اگر نئی مارکیٹوں کی تلاش جاری رکھی جائے اور حکومت اپٹما کی طرح چاول اور دیگر شعبوں کے ایکسپورٹرز کوبھی ایک فیصد ری فنانس اور لانگ ٹرم فنانس میں خصوصی رعایت دے تو ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاول کی تجارت اس وقت شدید بحران کی لپیٹ میں ہے،انٹر نیشنل مارکیٹ میں چاول کی قیمت کم ہونے سے مسلسل ایکسپورٹ کم ہورہی ہے اور ایکسپورٹرز کے پاس چاول کا وافر اسٹاک جمع ہورہا ہے اور اگر حکومت نے چاول کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے ریپ کے ساتھ عملی تعاون نہ کیا تو عالمی مارکیٹ میں پاکستانی چاول کی تجارت کو نقصان پہنچ سکتا ہے

متعلقہ عنوان :