مویشیوں کوکرمی بیماریوں سے بچاؤ کے لییراولپنڈی ضلع بھر میں خصوصی مہم کا آغا ز

بدھ 28 اکتوبر 2015 14:10

راولپنڈی۔28اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء)محکمہ لائیو سٹاک راولپنڈی نے مویشیوں کوکرمی بیماریوں(پیرا سائٹ ڈیزیز) سے بچاؤ کے لیے ضلع بھر میں خصوصی مہم کا آغا زکر دیا۔مہم کے دوران محکمہ کی 75سے زائد ٹیمیں ہر گاؤں میں جاکر ایک برس سے کم عمر مویشیوں کو اندرونی کرموں (کیڑوں )سے بچاؤ مفت ادویات فراہم کریں گی ۔ضلع راولپنڈی میں یہ مہم سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق کی خصوصی ہدایات پر شروع کی گئی جس کا مقصد مویشیوں کو اندرونی کرموں سے محفوظ بناکر ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے ۔

ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر محمد یعقوب نے مویشیوں کوکرمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ضلع راولپنڈی میں شروع کی جانے والی خصوصی مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اے پی پی کو بتایاکہ کرمی بیماریاں (پیرا سائٹ ڈیزیز) جانوروں کی پیداواری صلاحیت میں کمی کے ساتھ ساتھ جان لیوا بھی ہو سکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اندرونی طفیلیے کیڑے یا کرم درحقیقت جانور کا خون چوستے ہیں جس سے جانور خون کی کمی کا شکار ہوجاتا ہے اور اسے مختلف اقسام کی بیماریاں لاحق ہونے کے خطرات نسبتاً بڑھ جاتے ہیں ۔

اندرونی کیڑے میزبان جانور کے جسم سے خوراک حاصل کرتے ہیں جس سے جانور خوراک کی کمی کا شکار ہو کر لاغر ہو جاتا ہے اور اس کی پیداواری صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے ۔اس کے علاوہ بیرونی کرم جانور کی جلد کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ مہلک امراض کے پھیلاؤ کا بھی موجب بنتے ہیں ۔ڈاکٹر محمد یعقوب نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک نے پیرا سائٹ ڈیزیز پر قابو پانے اور مویشیوں کو اندرونی کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے جس خصوصی مہم کا آغا زکیا ہے اس کی بدولت کم عمر مویشیوں کا پیٹ صاف ہونے اور اندرونی کرموں کے خاتمے سے نظام انہضام فعال ہو گا جس سے ان کی صحت بہتر ہو گی اور نتیجتاً ان کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔