میڈیکل کالجوں میں داخلے کی نئی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ، ڈاکٹر عاطف حفیظ

ناقص پالیسی سے ہزاروں طلبہ و طالبات اور والدین مشکلات کا شکار ہیں ۔ تمام کالجوں کے لیے مرکزی داخلہ پالیسی بنائی جائے ،پیما

بدھ 28 اکتوبر 2015 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما ) کراچی کے صدر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے سندھ کے میڈیکل کالجز میں داخلہ کے لیے بنائی گئی نئی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سادہ اور آسان طریقہ کار کو انتہائی پیچیدہ اور مشکل بنادیا گیاہے ۔ہر میڈیکل کالج کے لیے الگ الگ طریقہ کار وضع کیے گیے ہیں ۔

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے داخلہ فارم کے لیے صرف ایک بینک کی برانچ مختص کی گئی ہے جہاں سخت گرمی اور شدید دھوپ میں طلبہ اور انکے والدین قطار میں گھنٹوں کھڑے رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پیما کراچی کے صدر نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ناقص پالیسی پر نظر ثانی کرے تاکہ ہزاروں طلبہء و طالبات اور ان کے والدین کو اس تکلیف سے نجات حاصل ہوسکے۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت سندھ ھیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پورے سندھ کے میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایک مرکزی پالیسی بنائی جائے جو آسان اور سادہ ہو ۔داخلہ فارم میں پوچھی گئی معلومات آسان ہو ں کہ اسے بھرنے میں آسانی رہے ۔ طلبہ وطالبات اور انکے والدین کی رہنمائی کے لیے ہر میڈیکل کالج میں معلوماتی ڈیسک بنائی جائے تاکہ انکی بہترین رہنمائی ہوسکے ۔