ناران اور کاغان میں شدید برفباری کے بعد سیاحوں کے داخلے پر پابندی

منگل 3 نومبر 2015 14:53

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 نومبر۔2015ء )ضلعی انتظامیہ نے بارش اور برفباری کے بعد سیاحتی مقام ناران اور کاغان میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔ مانسہرہ اوراس کے گرد و نواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا جب کہ ناران اور کاغان میں برفباری کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی۔

(جاری ہے)

چترال اور گرد و نواح میں بھی موسم کی تبدیلی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور زلزلے کے دوران گھروں سے محروم ہونے والے درجنوں خاندان انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔چترال میں پیر کو صبح شدید برفباری کے بعد راستے بند ہونے سے کئی گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ لواری ٹنل میں گاڑیوں کے پھنسنے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا جب کہ گلگت بلتسنان کے ضلع دیامر کے پہاڑی علاقوں میں صبح سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔