مشینی کاشت کے فروغ کیلئے کاشتکاروں کو پچاس فیصد سبسڈی پر زرعی آلات بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کی جائے گی؛ای ڈی اوزراعت چوہدری عبدالمجید

جمعرات 19 نومبر 2015 14:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 نومبر۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے کسان دوست اقدامات کے تحت مشینی کاشت کے فروغ کے لئے کاشتکاروں کو پچاس فیصد سبسڈی پر زرعی آلات/مشینری بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کی جائے گی جس کے لئے درخواستیں30نومبر تک وصول کی جائیں گی۔ای ڈی اوزراعت چوہدری عبدالمجید نے بتایا کہ زرعی مشینری میں ڈسک ہیرو،روٹا ویٹر،ربیع ڈرل،چیزل ہل اور شوگر کین رجز یونین کونسل جبکہ شوگر کین ٹوکہ اور ہالو کون نوزلز دیہاتوں کی سطح پر تقسیم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ کھاد کی کاشت کے کاشتکاروں کو دوشوگر کین ٹوکہ مشینری جبکہ کپاس کی کاشت کے لئے تین ہالو کون نوزل کاشتکاروں میں مفت تقسیم کئے جائیں گے جس کے لئے درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ زرعی مشینری آلات کے لئے کم از کم 6ایکڑ تک قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مردوخواتین کاشتکاردرخواست دینے کے اہل ہونگے اوردرخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد قرعہ اندازی یونین کونسل کی سطح پر ہوگی۔

ای ڈی او زراعت نے بتایا کہ شرائط کے مطابق درخواست دہندہ ذاتی ٹریکٹرکامالک ہونا لازمی ہے اور مشینری حاصل کرنے کی صورت میں کامیاب امیدواردوسال تک اس کو بیچنے یا ٹرانسفر نہ کرنے کا پابند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ درخواست فارم محکمہ زراعت کے دفاتر سے مفت حاصل جبکہ ویب سائٹ www.ext.agripunjab.gov.pkسے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں نیزدرخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔دریں اثناء ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید نے زراعت افسران سے میٹنگ بھی کی اورزرعی آلات/مشینری کی فراہمی کے پروگرام پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کی ہدایت کی۔