عوامی تحریک کا صدیق بلوچ کی نااہلی کے فیصلے کا خیر مقدم

جعلی اثاثوں کے مالک کو پارٹی ٹکٹ دینے والے’’ سہولت کار‘‘ بھی برابر کے مجرم ہیں،ترجمان

جمعرات 3 دسمبر 2015 22:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 دسمبر۔2015ء) پاکستا ن عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ این اے 154 سے ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر کی نا اہلی کے عدالتی فیصلہ سے جعلی ڈگری کے بعد جعلی اثاثوں کے مالک کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے والے’’ سہولت کار‘‘ بھی برابر کے مجرم ہیں انکے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔ترجمان نے کہا کہ فیصلہ سے ایک بار پھر ن لیگ کی اصول پسندی اور اخلاقی حیثیت کھل کر قوم کے سامنے آ گئی، حکمران جیسے خود ہیں ویسے ہی امیدوار اسمبلیوں میں لارہے ہیں ۔

ترجمان نے کہاکہ صدیق بلوچ نے جعلی ڈگری پر الیکشن لڑ کر پہلے حلقہ کے عوام کی توہین کی اور اب ن لیگ نے اسے پارٹی ٹکٹ جاری کر کے جمہوریت سے مذاق کیا،یہ لوگ خود بھی خزانے کے لٹیرے اور ناجائز اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے دائیں بائیں بھی ایسے ہی عناصر کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ن لیگ نے لودھراں کے عوام کے ساتھ مذاق کیا جس شخص کی آمدن اور ذرائع آمدن ناجائز ہیں وہ اسمبلی میں جا کر کوئی جائز موقف کیسے اختیار کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لودھراں کے عوام کسی کی دولت اور دبدبے سے متاثر ہو کر ووٹ دینے کی بجائے ایماندار اور حلقہ کے عوام کیلئے درد مند دل رکھنے والے کو ووٹ دیں۔