کاشتکاروں کو گندم کی پچھیتی کاشت 15 دسمبر تک مکمل کر نے کی ہدایت

بدھ 9 دسمبر 2015 13:56

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی09دسمبر۔2015ء) زرعی ماہرین نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدا یت کی ہے کہ وہ گندم کی پچھیتی کاشت 15 دسمبر سے پہلے مکمل کر لیں اور شرح بیج 60کلو گرام فی ایکڑ رکھیں نیز گندم کی فصل کو کنگی و دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بیج کو بوائی سے پہلے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ سے مشورہ کر کے مناسب پھپھوندی کش زہر لگائیں جبکہ غیر معمولی تاخیر سے بچنے کیلئے جہاں ضروری ہو خشک بوائی کریں۔

کاشتکار کپاس کاشتہ علاقوں میں گندم کی لیٹ کاشت سے بچنے کیلئے گندم کے بیج کا کھڑی کپاس میں چھٹہ کریں، چھٹہ سے پہلے کپاس کی چنائی مکمل کر یں اور کھیت کو پانی سے بھر دیں۔ پانی جذب ہونے پر گندم کے 8سے 9گھنٹے بھیگے ہوئے بیج کا دوہرا چھٹہ دے دیں۔

(جاری ہے)

گندم کا چھٹہ دینے کے 30 سے 40 دن بعد کپاس کی فصل کاٹ لیں۔ آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت کیلئے محکمہ زراعت کی سفارش کردہ اقسام آری 2011 ،پنجاب 2011 ، لاثانی2008 اور فیصل آباد 2008 کا موزوں وقت کاشت 10 دسمبر تک ہے جبکہ سحر2006 کو 15 دسمبر تک کاشت کریں۔

آبپاش علاقوں میں کمزور زمین میں دو بوری ڈی اے پی، آدھی بوری یوریا اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ جبکہ اوسط زمین میں ڈیڑھ بوری ڈی اے پی و آدھی بوری یوریا اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ اور زرخیز زمین کیلئے ایک بوری ڈی اے پی، آھی بوری یوریا اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ بوقت کاشت استعمال کریں۔