حکومت زلزلہ ،سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد ،بحالی کو بنیادی ذمہ داری تصور کرتی ہے، پرویز خٹک

متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے حکومت نے تک ساڑھے گیارہ ارب روپے جاری کئے ہیں ،وزیراعلی کے پی کے کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 10 دسمبر 2015 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت حالیہ زلزلہ اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کو اپنی بنیادی ذمہ داری تصور کرتی ہے اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے صوبائی حکومت نے اب تک ساڑھے گیارہ ارب روپے جاری کئے ہیں اُنہوں نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے والے تمام اداروں اور تنظیموں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے امداد اور بحالی کے کاموں میں موثر کردار ادا کرنے پر پاکستان آرمی، نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پراونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جمعرات کے روز اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد اور علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو سے متعلق بین الاقوامی ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ورکشاپ کے انعقاد پر یو این ڈی پی کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت متاثرہ علاقوں کی باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے پائیدار بحالی اور تعمیر نو کی حکمت عملی مرتب کر نا چاہتی ہے اور تعمیر نو کیلئے منعقدہ ورکشاپ اس ضمن میں اہم کردار ادا کرے گی صوبائی وزراء عنایت اﷲ خان ، مظفر سید اور اکرام اﷲ گنڈ اپور کے علاوہ چیف سیکرٹری امجد علی خان، جاپان اور یورپی یونین کے سفیروں سمیت متعدد ممالک کے سفارتکاروں ، بین الاقوامی تنظیموں و امدادی اداروں کے سربراہوں، یو این ڈی پی کے نمائندوں اور زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کے ناظمین ، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیاتی کے اعلیٰ حکام، این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اے و صوبائی محکمہ ریلیف کے افسران نے ورکشاپ میں شرکت کی وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا کو ہمیشہ قدرتی آفات کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا رہاہے جس کے انسانی زندگی، املاک، بنیادی سہولتوں کے ڈھانچے اور سماجی وثقافتی تعلقات پر بہت گہرے اور منفی اثرات پڑے ہیں اُنہوں نے کہاکہ پے درپے آفات کے پیش نظر موجودہ صوبائی حکومت پائیدا ر بحالی کیلئے باقاعدہ منصوبہ بندی کے اقدامات کر رہی ہے تاکہ آفات کے خطرات سے دو چار آبادیوں کیلئے بنیادی سہولتوں کو بھی پائیدار بنایا جا سکے اُنہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کی مربوط کوششوں سے پائیدار تبدیلی کا مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ورکشاپ کے دوران شرکاء نے بھی قدرتی آفات کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کو کم کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اور منصوبہ بندی پر زور دیا گیا ہے جو متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے خوش آئند سو چ ہے۔