کاشتکاروں کو کپاس کی گلابی سنڈی کے بے موسمی تدارک کیلئے موثرحکمت عملی اپنانے کی ہدایت

جمعہ 18 دسمبر 2015 15:01

بھکر۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18دسمبر۔2015ء)اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(پلانٹ پروٹیکشن)شاہد حسین نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپاس کی گلابی سنڈی کے بے موسمی تدارک کیلئے موثرحکمت عملی اپنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ چنائی مکمل ہونے کے بعد کھیت میں بھیڑ ،بکریاں چرائی جائیں جس سے ان میں موجود گلابی سنڈی تلف ہوجائے گی۔

کپاس کی چھڑیوں کی کٹائی کا عمل ہر صورت31 جنوری تک مکمل کرلیں تا کہ بعد میں گہرا ہل ،روٹا ویٹر چلانے سے کھیت میں موجود سنڈیاں باہر آکر پرندوں کی خوراک بن جائیں۔چھڑیاں کٹائی کے بعد ایندھن کیلئے رکھنا مقصود ہوں تو چھوٹے گٹھے بناکر دھوپ میں سیدھا اسطرح رکھیں کہ چھڑیوں کے مڈھ نیچے کی طرف ہوں تاکہ دھوپ لگنے سے باقی ماندہ ٹینڈوں سے گلابی سنڈی کے پروانے نکل کر کپاس کی اگلی فصل سے پہلے ضائع ہوجائیں۔

(جاری ہے)

جننگ فیکٹریوں میں موجود کپاس کا کچرا اور گلابی سنڈی کے لاروے جو کہ جڑواں بیجوں کی شکل میں ہوتے ہیں کی تلفی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اسٹور کی گئی کپاس کے بیج کو فروری ،مارچ ،اپریل کے مہینے میں ایلومینئیم فاسفائیڈ کی گولیوں سے بحساب 30گولیاں فی 1000مکعب فٹ دھونی دینی چاہیے جس سے جڑواں بیجوں میں گلابی سنڈی کے لاروے تلف ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے کپاس کی فصل کو آئندہ سال گلابی سنڈی کے حملے سے یقینی بچایا جاسکتا ہے۔