گندم کی فصل کو تاج نما جڑیں بنانے کے وقت پانی نہ لگایا جائے تو پیداوار میں تقریباً 39 فیصد کمی ہو جاتی ہے، محکمہ زراعت

پیر 21 دسمبر 2015 19:55

ملتان۔21 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 دسمبر۔2015ء) گندم کی فصل میں تاج نما جڑیں بنانے کا وقت بجائی سے تقریباً 20 تا 22 دن بعد آ جاتا ہے۔ اگر اس مرحلہ پر فصل کو پانی نہ لگایا جائے تو پیداوار میں تقریباً 39 فیصد کمی ہو جاتی ہے۔ محکمہ زراعت ملتان کے ترجمان کے مطابق تاج نما جڑیں زمین سے غذائی اجزاء حاصل کر کے پودے کو مہیا کرتی ہیں، جتنی جلدی ان کی پیدائش اور بڑھوتری ہو گی اتنی جلدی جھاڑ بننا شروع ہو گا۔

فصل کو دیر سے پانی لگانے پر جھاڑ دیر سے بننا شروع ہو گا اور اس میں فی پودا کم سٹے بنیں گے۔تاج نما جڑیں زمین میں شگوفوں کے ارد گرد چاروں طرف اوپر کو اور گہرائی میں خوراک کی تلاش کے لئے بڑھوتری کرتی ہیں۔ ترجمان کے مطابق کاشتکار گندم کی فصل کو پہلا پانی بجائی سے 20 تا 22 دن تک لگائیں لیکن دھان کے وڈھ رقبوں پر کاشت کی ہوئی گندم کی فصل کو اگنے کے بعد 30 سے 40 دنوں کے اندر اندر پہلا پانی لگانا درست ہے۔

(جاری ہے)

اگر کاشتکاروں کو صرف ایک پانی کی سہولت ہو تو اسے تاج نما جڑیں بننے کے مرحلہ پر لگائیں۔ جو کاشتکار کسی مجبوری کے تحت نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش کی کھادیں بجائی کے وقت استعمال نہ کر سکیں وہ پہلی آبپاشی پر ضرور استعمال کریں کیونکہ پہلی آبپاشی پر زمین کافی بھربھری ہوتی ہے، اس لئے کھادیں پانی میں مل کر پودے کو آسانی سے مہیا ہو سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :