متعدد سکولوں میں حکومتی ہدایت کے باوجود ایمرجنسی گیٹس نہیں کھولے گئے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 1 جنوری 2016 15:55

سرگودھا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ یکم جنوری۔2015ء)سرگودھا کے متعدد سکول حکومتی ہدایت کے باوجود ایمرجنسی گیٹس کھولنے میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بڑا جانی و مالی نقصان ہوسکتا ہے گورنمنٹ انبالہ مسلم ہائی سکول ‘ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بلاک 2 ‘ گورنمنٹ پرائمری بوائز سکول بلاک 2 ‘ گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 سمیت متعدد ایسے سکول ہیں جن کے گردونواح میں قبضہ مافیا نے قبضے کرکے گیٹ مکمل طور پر بند کردیئے ہیں خصوصاً گورنمنٹ انبالہ ہائی سکول اور جس جگہ آگ لگی ہے اس علاقے کا گورنمنٹ گرلز ہائی سکول صرف ایک گیٹ کیساتھ کھلا ہے ایمرجنسی کی صورت میں بچیوں اور بچوں کیلئے یہ اقدام انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا اور اس سے جانی نقصان کا بھی اندیشہ ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بلاک 2 کی گلی کے گیٹ پر بھی لوگوں نے دوکانیں قائم کرلی ہیں اور اس کے تمام راستے بند کرکے قبضہ مافیا نے قبضے کرلئے ہیں اسی طرح انبالہ سکول جوکہ انتہائی خستہ حال اور زلزلہ کے دوران اس کی دیوار گرنے سے دو خواتین بھی زندگی کی بازی ہار چکی ہیں اس سکول کے چاروں اطراف بھی قبضہ مافیا نے قبضے کئے ہوئے ہیں شہریوں اور والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ان قبضہ مافیا کیخلاف نوٹس لیں اور ان سکولوں کے جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کررہے ہیں ان کے ایمرجنسی گیٹس برآمد کروائیں خدانخواستہ سانحہ پشاور کی طرح کوئی واقعہ ہوا تو ان سکولوں میں بڑا جانی و مالی نقصان ہوسکتا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب ضلعی انتظامیہ کو پابند کریں کہ وہ دو دن کے اندر اندر قبضہ مافیا سے سکولوں کے گیٹس واہگزار کرکے رپورٹ روانہ کرے والدین نے کمشنر سرگودھا‘ ڈی سی او سرگودھا‘ ڈی آئی جی اور ڈی پی او سرگودھا سے اپیل کی کہٓ قبضہ مافیا صرف اور صرف ڈنڈے کی زبان سمجھتی ہے ان سے طاقت کے زور پر قبضہ خالی کروایا جائے۔