پارلیمنٹ ہاؤس میں حضور اکرم ؐ کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے محفل میلاد کا انعقاد، خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی بطور مہمان خصوصی شرکت

نبی کریم ؐ کی شفاعت کا حصول ہر کلمہ گو کی زندگی کا مقصد ہے ، عشق مصطفی ہمارے ایمان کا لازمی جز ہے، مقررین

جمعرات 14 جنوری 2016 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیؐ کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام سپیکر قومی اسمبلی کی اہلیہ بیگم ریما ایاز صادق کی جانب سے کیا گیا تھا۔ خاتون اول بیگم کلثوم نواز تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ خواتین وزراء و اراکین پارلیمان،ممتاز شخصیات کی بیگمات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نامور خواتین نے تقریب میں شرکت کی۔

پْروقار تقریب میں تلاوت قرآن پاک اور حمدو ثناء باری تعالیٰ پڑھنے کے بعد نعت رسول مقبولؐ پیش کی گئی جس میں رحمت دو جہاں ؐ کی خدمت میں محبت و عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے اوردرود و سلام کانذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آپؐ کی ذات پاک اور حیات مبارکہ کے روشن پہلوؤں اور ان کی انسانیت کے فلاح اور رہنمائی کے لئے دی گئی تعلیمات اور خطبات پر روشنی ڈالی گئی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اس پْر نور اور بابرکت محفل میلاد مصطفی میں شرکاء نے آنحضرت ؐ کے اسوہ حسنہ کو فلاح و راہ نجات قرار دیتے ہوئے اس پر عمل کرنے کی سعادت حاصل کرنے کی دعا کی۔مقررین نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت ؐ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ انسانی حقوق کا ایک مکمل چارٹر ہے جس پر عمل کر کے عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی شفاعت کا حصول ہر کلمہ گو کی زندگی کا مقصد ہے اور یہی وجہ ہے کہ عشق مصطفی ہمارے ایمان کا لازمی جز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی اطاعت و فرمانبرداری دنیا و آخرت میں فلاح و کامیابی کی ضامن ہے۔درود و سلام سے سجی اس بابرکت محفل کے اختتام پر وطن عزیز کی ترقی و سلامتی اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لئے دعائیں کی گئیں۔