یورپی یونین سے نکلنا ہمیں ہمیشہ کے لیے غریب کردے گا،برطانوی وزیر خزانہ

برطانیہ یورپی یونین سے نکلتا ہے تو ہر گھرانے کوچھ ہزار ڈالرنقصان برداشت کرنا ہو گا،جارج اوسبورن کا بیان

پیر 18 اپریل 2016 19:18

یورپی یونین سے نکلنا ہمیں ہمیشہ کے لیے غریب کردے گا،برطانوی وزیر خزانہ

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) برطانوی محکمہ خزانہ کے سربراہ جارج اوسبورن نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے اخراج کے فیصلے کی صورت میں برطانیہ کو ’مستقل غربت‘ کا سامنا کرنا پڑے گا اور یہ اثر ہر گھرانے پر ہزاروں پاؤنڈز کی صورت میں برداشت کرنا ہو گا۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اوسبورن نے کہا کہ 23 جون کو برطانیہ میں ہونے والے ریفرنڈم میں اگر عوام نے یورپی یونین سے اخراج کے حق میں رائے دی، تو اس کا اثر برطانوی اقتصادیات پر نہایت منفی انداز میں پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر برطانیہ یورپی یونین سے نکلتا ہے، تو ہر گھرانے کو قریب چار ہزار تین سو پاؤنڈز (چھ ہزار ایک سو ڈالر) نقصان برداشت کرنا ہو گا۔ یہ وہ حقیقت ہے، جسے دیکھ کر ہی ہر شہری کو اس بابت اپنی رائے دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے اخراج برطانیہ کے لیے ’ایک ایسا گھاؤ ہو گا، جو اپنی شدت میں خود اضافہ کرے گا۔پیر کے روز برطانوی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اس رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ تمام ممکنہ متبادل طریقوں کے باوجود برطانیہ یورپ کی کھلی مارکیٹ تک اب جیسی رسائی کا حامل کبھی نہیں ہو پائے گا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین سے اخراج (بریگزِٹ) کی صورت میں میں سن 2030ء تک برطانوی اقتصادیات چھ فیصد تک سکڑ جائے گی۔اس رپورٹ کے مطابق بریگزِٹ کی صورت میں برطانوی اقتصادیات کو ’مستقل نقصان‘ کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ کبھی یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ میں اپنے لیے مفت کوٹے پر مذاکرات کر پائے گا اور نہ ہی اسے اس مارکیٹ میں اب جیسی رسائی دوبارہ حاصل ہو گی۔