گزشتہ سال کی نسبت رواں سال کپاس کی زیادہ پیداوار کیلئے محکمہ زراعت نے حکمت عملی مرتب کر لی

کاشتکار فصل سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے منظور شدہ بی ٹی اقسام کی 15 مئی تک کاشت مکمل کریں ‘ ترجمان

جمعرات 21 اپریل 2016 12:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا آغاز ہو چکا ہے اور پچھلے سال کپاس کی پیداوار کے مقابلے میں اس سال زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق کاشتکار فصل سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام کی 15 مئی تک کاشت مکمل کریں۔

ترجمان کے مطابق بوائی سے پہلے بیج کو زہر آلود کریں تاکہ فصل ابتدائی 30 تا 40 دن تک رس چوسنے والے کیڑوں خاص طور پر سفید مکھی اور سبز تیلہ کے حملہ سے محفوظ رہے جو پتوں کا رس چوسنے کے علاوہ کپاس کی پتہ مروڑ وائرس بیماری کے پھیلاؤ کا باعث بھی بنتے ہیں۔ بیج کے چناؤ کے لئے بیج کو پانی کی بالٹی یا ٹب میں ڈال کر تیرنے والے بیج الگ کرلیں جبکہ صرف نیچے بیٹھ جانے والے بیج ہی بوائی کے لئے استعمال کریں۔

(جاری ہے)

بوائی سے پہلے بیج سے بر اتارنے کے لئے گندھک کا تجارتی تیزاب بحساب ایک لٹر فی 10 کلوگرام بیج استعمال کریں۔ بیج سے تیزاب نکل جانے کا یقین کرنے کے لئے لٹمس پیپر استعمال کریں۔ اگر لٹمس پیپر کا رنگ سرخ نہ ہو تو سمجھ لیں کہ بیج میں تیزاب باقی نہیں رہا۔ ترجمان نے بتایا کہ کھیلیوں پر کپاس کی کاشت کے لئے منظور شدہ بی ٹی اقسام کا بر اترا ہوا بیج 6 سے 8 کلوگرام جبکہ ڈرل سے کاشت کے لئے 8 سے 10 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :