اگر ملک میں تمام مجوزہ جگہوں پر ڈیم بن جائیں تو ہم ایک لاکھ میگاواٹ بجلی روزانہ پیدا کر سکتے ہیں،چئیرمین واپڈا ظفر محمود

منگل 10 مئی 2016 23:01

اگر ملک میں تمام مجوزہ جگہوں پر ڈیم بن جائیں تو ہم ایک لاکھ میگاواٹ ..

اسلام آباد ۔ 10 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مئی۔2016ء) چئیرمین واپڈا ظفر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہائیڈل بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اگر ملک میں تمام مجوزہ جگہوں پر ڈیم بن جائیں تو ہم ایک لاکھ میگاواٹ بجلی روزانہ پیدا کر سکتے ہیں۔ ملک میں ہائیڈل بجلی کے منصوبوں کے لئے مختلف کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے یہ کمپنیاں ان منصوبوں میں واپڈا کے ساتھ ملکر سرمایہ کاری کریں گی۔

واپڈا ان کمپنیوں کو جگہ ایکوائر کر کے دے گا، ڈیزائن تیار کر کے دیں گا اور سیکورٹی فراہم کرے گا اور ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے رہنمائی کرے گا تاکہ وہ ڈیموں پر سرمایہ کاری کر سکیں اس طرح کسی بھی ڈیم کی تیاری کے بعد وہ لیز کے تحت 30 سال کے لئے بجلی فروخت کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چئیرمین واپڈا ظفر محمود نے کہا کہ اس حوالے سے تمام صوبوں اور دیگر متعلقہ اداروں کو بریفنگ دی جاچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں چین کی بعض کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ خود اتنی سرمایہ کاری کر سکے۔ لیکن ڈیم کے لئے جگہ کے حصول ،امن وامان ، سیکورٹی کی فراہمی ماحولیاتی ایجنسی کے مسائل اور ڈیزائن کی تیاری کے حوالے سے واپڈا کے پاس تجربہ کار لوگ موجود ہیں۔جبکہ سرمایہ کار ان چیزوں کا سامنا کرنے سے گھبراتے ہیں اگر انہیں یہ سہولیات فراہم کر دی جائیں تو کئی ایک کمپنیاں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہمیں پرائیویٹ سیکٹر کو اس جانب راغب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا دریائے سندھ میں ایسی بہت سی جگہیں موجود ہیں جہاں پر بجلی بنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا واپڈا کے پاس وسائل کم ہیں لیکن اس کے پاس تجربہ کا رلوگ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا اس طریقہ میں سرمایہ کار کو اس کا بھی فائدہ ہوگا کہ وہ جتنی جلدی منصوبہ مکمل کرے گا اسے اتنا ہی منافع زیادہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :